277

عید کے موقع پر غیر مقامی سیاحوں کی چترال آمد پر پابندی،عوامی حلقوں نے اقدام کو سراہا

چترال(نامہ نگار)عیدالفطر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ چترال نے غیر مقامی افراد کے چترال داخلے پر پابندی عائد کردی جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ چترال نہ آسکے۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے دیگر اضلاع سے غیر مقامی سیاحوں کی چترال آمد پر پابندی عائد کر دی۔ بڑی تعداد میں لوگ چترال آنے کی خواہش لیکر عازم سفر ہوئے مگر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پابندی سخت ہونے پر سیاح چترال نہ آسکے اور انہیں واپس لوٹنا پڑا۔ چترال کے عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بروقت اور مناسب قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ سیاحوں کی چترال آمد سے یہاں کے لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے مگر موجودہ حالات میں بڑی تعداد میں سیاحوں اور غیر مقامی افراد کی چترال آمد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا تھا اور اسی چیز کا ادراک کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے بروقت پابندی کا اعلان کیا اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بناکر مستحسن قدم اٹھایا۔ تاہم دیگر اضلاع میں رہنے والے چترال کے باشندے اس پابندی سے مستثنی رہے اور انہیں اپنے گھروں کو آنے دیا گیا۔
دوسری طرف سوات اور دیر سمیت دیگر علاقوں میں بھی صوبائی حکومت نے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی مگر وہاں کی انتظامیہ پابندی پر عملدرآمد کرنے پر ناکام رہی اور بہت بڑی تعداد میں سیاح ان علاقوں میں پہنچ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں