283

اکنامک زون کے قیام سے صوبے میں روزگار کے نت نئے مواقع میسر آئیں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا/وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے رشکئی اکنامک زون منصوبے کو صوبے کی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے موجودہ حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو رواں ماہ منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کیلئے تمام تر پیشگی لوازمات پورا کرنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے اور مذکورہ اکنامک زون کیلئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر کام کی رفتار کو تیزکرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو حطار ، بونیر ، ڈی آئی خان سمیت صوبے کے دیگر مجوزہ اکنامک زونز کے قیام کیلئے تمام مراحل کو دی گئی ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں خیبرپختونخواسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون منصوبہ نہ صرف صوبائی بلکہ قومی اہمیت کا حامل ایک منصوبہ ہے جو صوبے کی ترقی و خوشحالی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا، اس اکنامک زون کے قیام سے صوبے میں روزگار کے نت نئے مواقع میسر آئیں گے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر شراکت دار اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ اس اہم منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پور ی کریں ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم خان، سیکرٹری صنعت اوروزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میںاتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون کا نظر ثانی شدہ ڈویلپمنٹ ایگریمنٹ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کو پیش کردیا گیا ہے اور رواں ماہ کے وسط تک اس ڈویلپمنٹ ایگریمنٹ پر دستخط کرلئے جائیں گے جبکہ ایس پی وی کی رجسٹریشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس مقصد کیلئے تمام مطلوبہ دستاویزات فوری طور پر متعلقہ فورم کو پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلا س کو مزید بتایا گیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی روشنی میںخیبرپختونخوا سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کو محکمہ صنعت سے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو منتقل کر دیا گیا ہے ۔اجلاس میں خیبرپختونخوا سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی بھی منظوری دے دی گئی ۔ اجلاس میں رشکئی اکنامک زون کے زون ریگولیشنز کے مسودے کی بھی منظوری دے دی گئی جسے حتمی منظوری کیلئے وفاقی سطح پر متعلقہ فورم کو بھیج دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے رشکئی سپیشل اکنامک زون منصوبے کو اپنی نوعیت کا منفرد اور عوامی فلاح و بہبود کا ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کواپنی ذمہ داریاں بروقت پور ی کرنے کی ہدایت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں