251

گولین گول واٹر سپلائی سکیم کی مرمت اور بحالی سے ٹاون کے صارفین کو درپیش آبنوشی کا ایک سال پُرانا مسئلہ حل ہوجائیگا

چترال(نمائندہ )چترال ٹاون کے80ہزار صارفین نے گولین گول واٹر سپلائی سکیم کی مرمت کے لئے فنڈ جاری کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کی مرمت اور بحالی سے ٹاون کے صارفین کو درپیش آبنوشی کا ایک سال پُرانا مسئلہ حل ہوجائیگا۔درین اثنا ٹاون کے سیاسی،سماجی اور کاروباری حلقوں نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس،چیرمین چترال ٹاسک فورس ڈپٹی کمشنرچترال اور کمشنر ملاکنڈ کی توجہ بحالی اور مرمت کے کام میں مبینہ غفلت کی طرف دلاتے ہوئے استدعا کی ہے کہ فوجی حکام اور انتظامی افیسران کے ذریعے ٹھیکہ دار کے کام کی نگرانی کو یقینی بنایاجائے۔ٹاون کے صارفین نے ٹھیکہ دار کے مبینہ غفلت کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کی طرف بالائی حکام کی توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھیکہ دار نے ندی کے کنارے اُسی راستے پر پائپ بچھانے کا نقشہ تیار کیا ہے جس راستے پر پانی کے پائپوں کو5جولائی 2019کا سیلاب بہا کرلے گیا تھا۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری حکام بروقت مداخلت کرکے واٹر سپلائی کے پائپوں کو پہاڑ کی طرف منتقل کرکے آئیندہ کے لئے سپلائی ریلے سے محفوظ کرنے کا حکم دے دیں ورنہ ناقص کام کی وجہ سے ٹاون کی واٹر سپلائی سکیم ایک بار پھر خطرے کی زدمیں آجائے گی۔عوامی حلقوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیاہے کہ پائپ لائین کی معیار اور ان کی ویلڈنگ پر بھی نظر رکھی جائے کیونکہ مذکورہ پائپ لائن کی ماضی میں پانی کے پریشر سے پھٹ جانے کے خطرے کے پیش نظر پانی کم چھوڑاجاتا تھا۔عوامی حلقوں نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس اور کمشنر ملاکنڈ سے گولین گول سائیٹ کا دورہ کرکے موقع پر مناسب ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ ٹاون میں امن عامہ کا دارومدار آبنوشی سکیم کی بحالی پر منحصر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں