606

بانگ یارخون کی وٹرنری سنٹر کی 30جون کو بندش کی خبر علاقے کے عوام میں بجلی بن کر گر گئی ہے/ سماجی وسیاسی رہنما حاکم بابرا لدین

چترال (ڈیلی چترال نیوز) یارخون یونین کونسل کے معروف سماجی وسیاسی رہنما حاکم بابرا لدین نے یونین کونسل کے واحد وٹرنری سنٹر کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی پسماندگی، مقامی معیشت کا لائیواسٹاک پر انحصار کے پیش نظر وٹرنری سنٹر بانگ یارخون کو مستقل حیثیت دی جائے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یارخون یونین کونسل 25ہزارآبادی پر مشتمل ہے جہاں سوفیصد آبادی کا انحصار مال مویشی پالنے پر ہے اور سخت موسمی حالات کے پیش نظر یہاں زرعی سرگرمی بھی نہیں ہوسکتے اور نہ زرعی پیدوار ضرورت کے مطا بق حاصل کی جاسکتی ہے جس کے نتیجے میں لوگ خوش گاؤ، گائے اور بھیڑ بکری پال کر اپنا گزر اوقات کرلیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بانگ یارخون کی وٹرنری سنٹر کی 30جون کو بندش کی خبر علاقے کے عوام میں بجلی بن کر گر گئی ہے اور یہ خود پی ٹی آئی حکومت کے دعوؤں کی سراسر منافی بھی ہے جوکہ عوام کو مرغ، انڈے، بیل، گائے خود ہی فراہم کرکے ان کی معیشت کو سہارا دینے کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن یہاں پوری یونین کونسل میں لائیواسٹاک کو بیماریوں کے رحم وکرم پر چھوڑ ا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سنٹر کو مستقل بنیادوں پر قائم کرکے علاقے کے سوفیصد مویشی پال کسانوں کو مشکل سے نجات دلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں