247

کوروناوباءکی وجہ سے تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ایک شعبہ نجی تعلیمی اداروں کا بھی ہے/وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کوروناوباءکی وجہ سے تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ایک شعبہ نجی تعلیمی اداروں کا بھی ہے تاہم حکومت تمام شعبوں کو ریلیف دینے کیلئے اپنی استعداد سے بڑھ کر اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوںنے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت نجی سکولوں کے تمام جائز مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے ایک پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور کورونا کی موجودہ صورتحال میں نجی سکولز مالکان کو درپیش مالی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے ارکان میں محمد سلیم خان، سید انس تکریم، امجد علی شاہ ، شوکت محمود اور فضل اﷲ داﺅد زئی شامل تھے ۔ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ندیم اسلم چوہدری اور پرائیوٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر تاشفین حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباءکی وجہ سے صوبے اور پورے ملک کو ایک ہنگامی اور مشکل صورتحال کا سامنا ہے جس کا سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نجی سکولوں کے جملہ جائز مسائل کے حل کیلئے صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب اور صوبائی وزیر قانون سلطان محمد کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جو نجی تعلیمی اداروں کے تنظیمی عہدیداروں کے ساتھ مل بیٹھ کر اُن مسائل کو حل کرنے کیلئے سفارشات پیش کرے گی ۔ وفد کے ارکان نے نجی تعلیمی اداروں کے مسائل سننے کیلئے وقت دینے اور اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں