287

گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کےلئے انٹرویوز کے نام پر امیدواروں کو اسلام آباد طلب کرنا حیران کن ہے،سعدیہ دانش

گلگت (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کو ہائی جیک کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کےلئے انٹرویوز کے نام پر امیدواروں کو اسلام آباد طلب کرنا حیران کن ہے،یہ گلگت بلتستان کی نگراں کابینہ کی سیلیکشن ہے جو صرف اور صرف نگراں وزیر اعلی کی صوابدید ہے لیکن وزیر امور کشمیر اور تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر کا متوقع وزراء کے انٹرویوز سے لگتا ہے جیسے تحریک انصاف کی حکومت تشکیل دی جا رہی ہے۔ گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کے انتخاب میں تحریک انصاف کی مرکزی سیکریٹریٹ کا عمل دخل آئندہ انتخابات کے شفافیت پہ سوالات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کس حیثیت میں امیدواروں کا انٹرویو کررہے ہیں۔ قانون کے مطابق نگران حکومت کے کابینہ کا چناؤ نگران وزیراعلی کا اختیار ہے لیکن وفاقی حکومت غیر قانونی طور پر اپنا اثرورسوخ استعمال کررہی ہے تاکہ آئندہ انتخابات کو ہائی جیک کرسکے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی اس ساری صورتحال میں خاموشی معنی خیز ہے۔ نگران وزیراعلی کو صاف شفاف انتخابات میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے اختیارات استعمال کرنا ہوگا۔ صاف شفاف انتخابات کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا، کسی ایک جماعت کو کھلی چھوٹ دینا کسی صورت جمہوری طرز عمل کےلئے نیک شگون نہیں ہے۔وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان میں اپنی پارٹی کی کمزور پوزیشن واضح نظر آرہی ہے اس لئے ابھی سے پنکچرز لگانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں