480

چکدرہ چترال ایکسپریس وے روڈ کو ختم کرکے موجودہ حکومت نے چترال اور دیر کے عوام کیساتھ ناانصافی کی ہے،سخت احتجاج شروع کرینگے/مولانا شیر کریم شاہ

چترال(نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام اپر چترال کے امیر مولانا شیر کریم شاہ نے چکدرہ چترال ایکسپریس وے روڈ کے منصوبے کو ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے موجود حکومت کا دوغلاپن قراردیا ہے۔ اپنے ایک اخباری بیان میں مولانا شیر کریم شاہ نے کہا کہ چکدرہ چترال ایکسپریس روڈ سی پیک منصوبے کا اہم حصہ ہے جو کہ آگے جاکر گلگت بلتستان کے صوبے کے ساتھ کنیکٹ ہوتا ہے، موجودہ حکومت چترال بالخصوص اور ضلع دیر اپر اور دیر لوئر کے عوام کے ساتھ بالعموم مخاصمت کا روپ اپنائے ہوئے ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے دو اضلاع اور دیر کے دونوں اضلاع کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی موجودہ حکومت کے انصاف کے دعوؤں کو آشکارا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ منصوبہ بحال نہ کیا گیا تو چترال اور دیر کے عوام اسکے خلاف سخت سے سخت احتجاج کیلئے میدان میں نکلیں گے، احتجاج کا یہ سلسلہ صرف ان اضلاع میں نہیں بلکہ پشاور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں اسے پھیلایا جائیگا اور یہاں کے غیرت مند عوام ان نااہل حکمرانوں سے اپنا حق حاصل کرکے رہینگے۔ مولانا شیر کریم شاہ نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائے جائینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں