302

دیر چترال شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے پر مارچ 2021میں کام آغاز ہو جائے گا، دیر چترال شاہراہ موٹروے کا منصوبہ کبھی سی پیک کا حصہ نہیں رہا، مستقبل میں اس موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے، وزیر مواصلات مراد سعید

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ دیر چترال شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے پر مارچ 2021میں کام آغاز ہو جائے گا، دیر چترال شاہراہ موٹروے کا منصوبہ کبھی سی پیک کا حصہ نہیں رہا، مستقبل میں اس موٹروے کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر سراج الحق اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے عوامی اہمیت کے معاملے کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ دیر چترال موٹروے کے حوالے سے وضاحت کے لئے ایوان میں آیا ہوں، دیر چترال شاہراہ کا منصوبہ ختم نہیں ہوا، مارچ 2021میں اس منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔ دیر چترال کبھی سی پیک کا حصہ نہیں رہا، چین کی طرف سے ابھی تک اس پر کوئی کمٹمنٹ نہیں آئی۔ دیر چترال موٹروے کی کبھی منصوبہ بندی نہیں ہوئی۔ دستاویزات میں کہیں یہ موٹروے نہیں تھی، ہماری خواہش ہے کہ موٹروے بنائیں، سی پیک کے مغربی روٹ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے، مستقبل میں دیر چترال موٹروے کا منصوبہ ہے۔ قبل ازیں عوامی اہمیت کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ دیر چترال موٹروے کے حوالے سے وزیر مملکت نے جو بات کی ہے اس سے اتفاق نہیں ہے، اس سی پیک روٹ کو ختم کر دیا گیا ہے، یہ منصوبہ ملک کے لئے بے تحاشا فوائد کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبا پر قانون سازی کی گئی، حکومت عوام کے لئے کچھ کرے۔ وزیر علی محمد خان نے کہا کہ ایوان بالا نے ثابت کیا ہے کہ وہ سنجیدہ اور پختہ کار سیاستدان پر مشتمل ہے، دیر چترال موٹروے کو سی پیک میں نظر انداز کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس منصوبہ کو آگے بڑھایا جائے گا، ہماری حکومت کی اس منصوبے پر بڑی دلچسپی ہے، یہ منصوبہ پہلے بھی سی پیک کا حصہ تھا اب اس پر پیش رفت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں