413

آر ایچ سی ایون کے چھ اسٹاف سمیت دس افراد کرونا وائرس کا شکار،مزید چھ اسٹاف کے رزلٹ کا انتظار،آر ایچ سی غیر معینہ مدت کے لئے بند

کرونا وائرس نے مدک لشٹ کے بعد ایون پر حملہ کر دیا ہے۔ اور آر ایچ سی ایون کے چھ اسٹاف سمیت دس افراد کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جن کے کرونا ٹیسٹ رزلٹ پازیٹیو ریکار ڈ ہوئے ہیں۔جبکہ آرایچ سی کے مزید چھ اسٹاف کے رزلٹ کا انتظار ہے۔ ڈی ایچ او چترال حیدرالملک نے کوڈ 19کیسز میں اچانک اضافے کے بعد ایک آرڈر کے ذریعے آریچ سی ایون کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ اور کسی بھی ایمرجنسی ٹریٹمنٹ کی فراہمی سے عملے کو روک دیا ہے۔ آر ایچ سی کے متاثرہ سٹاف میں لیب ٹیکنیشن,لیب اٹینڈنٹ، چوکیدار،ڈرائیور،ای پی آئی ٹیکنیشن وغیرہ شامل ہیں۔ جبکہ ان اسٹاف کے قریبی رشتے دار بھی کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ آر ایچ سی ایون کی فوری بندش کے بعد یونین کونسل کی پینتیس ہزار کی آبادی میں خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رینڈم سمپلنگ کی صورت میں پازیٹیو کیسز میں بہت زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ آر ایچ سی کی بندش کے نتیجے میں ایمر جنسی مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خصوصاً حالیہ دنوں میں شدید گرمی کے نتیجے میں پیچش اور ہیضے کے مریضوں کے فوری علاج کیلئے حفاظتی اقدامات کے ساتھ آر ایچ سی کو کھلا رکھنا از بس ضروری ہے۔ ریسکیو 1122نے منگل کی سہ پہر آر ایچ سی کو مکمل سپرے کرکے ڈس انفیکٹ کیا ہے۔ اور صرف ڈی ایچ او چترال حیدرالملک کی طرف اسے دوبارہ کھولنے کے حکم کا انتظار ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں