328

گلیشئیر کے پگھلنے اور پھٹ جانے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اپر چترال کے مقام یارخون لشٹ میں ایک بچی جان بحق اور پندرہ گھروں کو نقصان

چترال ( محکم الدین ) درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے گلیشئیر کے پگھلنے اور پھٹ جانے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اپر چترال کے مقام یارخون لشٹ میں ایک بچی جان بحق اور پندرہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔جبکہ بروغل روڈ مکمل طور پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو چکا ہے ۔ جمعہ کے روز اچانک سیلاب آیا ۔ جس نے گھروں ، کھڑی فصلوں اور باغات کو ملیامیٹ کر دیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پانچ گھر مکمل جبکہ دس گھروں کو جزوی نقصان پہنچاہے ۔ اور وِسیع رقبے پر فصلیں ، سیب کے باغات متاثر ہوئے ہیں ۔ سیلاب کے دوران بھکڈر مچ جانے کی وجہ سے ایک بچی لاپتہ ہو گئی تھی ۔ جس کی لاش بعد آزان دوسری جگہ سے برآمد کی گئی ہے ۔ جوسیلاب کی زد میں آکر جان بحق ہو گئی تھی ۔ ایس ایچ او تھانہ یارخون لشٹ کے مطابق سیلاب کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ اسلئے متاثرین کا حتمی ریکارڈ دینے میں وقت لگے گا ۔ تاہم پندرہ گھر متاثر ہو چکے ہیں ۔ درین اثنا مقامی لوگوں ، چترال پولیس ، بارڈر پولیس اور چترال سکاوٹس کی طرف سے امدادی کاروائیاں جاری ہیں ۔ اور متاثرین کو محفوظ مقامات منتقل کیا جارہا ہے ۔ تاکہ مزید نقصانات سے انہیں بچایا جا سکے ۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے آفس میں متاثرین کی فوری مدد کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا ۔ جس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کا فیصلہ کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں