414

سید منور حسن پاکستان میں تحریک اسلامی کے لئے ایک اہم اثاثہ تھے جنہوں نے اپنی زندگی اسلام کی اشاعت اور سربلندی کے لئے وقف کردی تھی

چترال (نمائندہ  ) اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظم اعلیٰ وقاص انجم جعفری نے کہا ہے کہ سید منور حسن پاکستان میں تحریک اسلامی کے لئے ایک اہم اثاثہ تھے جنہوں نے اپنی زندگی اسلام کی اشاعت اور سربلندی کے لئے وقف کردی تھی اور زندگی بھر کبھی اس راہ میں سمجھوتہ کرنا نہیں سیکھا اور حق بات کہنے اور حق پر قائم رہ کر وہ اس تحریک کی تاریخ میں امر ہوگئے اور اپنی اعلیٰ اوصاف اور کردار کی وجہ سے محبو ب لیڈر بن گئے تھے۔ اتوار کے روز مودودی اڈیٹوریم پولو گراونڈ میں اسلامی جمعیت طلبہ چترال کے زیر اہتمام جمعیت کے سابق ارکان وکارکنان پرمشتمل احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جو اللہ کے کلمے کو بلند کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں، وہ تاریخ میں زندہ وجاوید ہوجاتے ہیں اور منور حسن بھی ان میں سے ایک ہے جس کے کردار کی گواہی آج دنیابھر میں ان کے لاکھوں چاہنے والے اور تحریک اسلامی کے سپاہی دے رہے ہیں اور ان کی یاد میں کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سید مودودی کا اصل کارنامہ جماعت اسلامی کا قیام ہے جس نے ہمیشہ باطل کو للکار ا اور اجتماعیت کا ماڈل پیش کیا اور اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں میں ان پاک باز نوجوانوں کی تنظیم ہے جن کے ساتھ ملک وقوم کا شاندار مستقبل وابستہ ہے اور یہ قوم کو صالح قیادت فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ چترال کے ناظم اقبال الدین کے علاوہ امیر جماعت اسلامی ضلع لویر چترال مولانا جمشید احمد اور جمعیت کے سابقین میں مغفرت شاہ سابق ضلع ناظم، میر مخزن الدین، ہدایت اللہ، افتخار الدین،عنایت اللہ اسیر، معراج الدین .شاہد انور انیس، فضل ربی جان، الحاج خورشید علی خان (سابق چیر مین ضلع کونسل) مولانا اسرار الدین الہلال اور دوسروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اسلامی جمعیت کے حوالے سے اپنے تاثرات اور پرانی یادیں بیان کئے۔ کنونشن میں گزشتہ چھ دہائیوں میں ضلع بھر سے اسلامی جمعیت طلبہ کے ساتھ وابستگی رکھنے والوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں