460

اپر چترال تیز بارشوں کی وجہ سے ریشن،بونی،زئیت،بریپ،چرون اور کوراغ گول میں شدید سیلاب۔ریشن میں ایک گھر آرسی سی پل سیلاب برد

چترال (  نمائندہ ) بدھ کے شام کو تیز بارش اور (گلوف) کی وجہ سے بونی گول زئیت گول، ریشن گول، بریپ نالہ، چرون گول اور کورغ گول میں شدید سیلاب آیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے منسلک کرنے کے لئے ریشن میں آر سی سی پل بھی سیلاب برد ہوگیا ہے۔ جامعہ مسجد ریشن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بہت سے سول چینل اور پروٹیکشن وال کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ریشن گول میں شیر فراز کے مکان کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، بدھ کی شام چھ سے سات بجے کے دوران شدید بارشوں کی وجہ سے مذکور علاقوں میں خوفناک سیلاب آیا۔ مسلادھار بارش کا سلسلہ دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ جس کے نتیجے میں ریشن سیلاب کی زد میں آیا۔ اور ریشن آر سی سی پل بھی سیلاب برد برد ہو گیا۔ پل سیلاب برد ہونے سے بونی،مستوج، تورکہو، موڑکہو اور بروغل و گلگت سے چترال رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ اور کئی مسافر راستے میں پھنس کر رہ گئے ہیں سیلاب کی وجہ سے ریشن میں بجلی کا بریک ڈاون ہوا جس سے تمام شہر اندھیروں میں ڈوب گیا ہے۔ اس بناء پر سیلاب کے صحیح صورت حال اور نقصانات کے بارے میں معلومات کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ علاقے میں ایمرجنسی کی صورت حال اورخوف کا ماحول ہے۔اور لوگ جانی نقصانات کے خطرے کے پیش نظر اپنے سامان گھروں میں چھوڑ کر اور مال مویشی لے کر محفوظ مقامات میں رشتے داروں کے گھروں اور قریبی پہاڑیوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔علاقہ بجلی منقطع ہونے کے باعث تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ اور نقل مکانی کرنے والے لوگ پریشانی کے عالم میں ہیں۔ کیونکہ بارش کا سلسلہ رکا نہیں ہے۔ اپر چترال فلڈ کنٹرول روم کی طرف سے ریشن پل کے نقصان کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا۔ کہ ریشن کے علاوہ قریبی گاوں زئیت اور بالائی بریپ،کوراغ گول،چرون گول اور بونی گول میں بھی سیلاب آیاہے۔ جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں اور سیب کے باغات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ اسی طرح ریشن سیلاب میں بھی بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔ لیکن اندھیرے کی وجہ سے تمام لوگ بھاگ چکے ہیں۔ اور سیلاب کے شور سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں کی طرف نہیں جارہے۔ اس لئے نقصانات کا صحیح اندازہ دن کی روشنی میں ہی کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں