314

سلام کی بقاء قرآن عظیم الشان، نبی پاک کی ذات اقدس اور حضرات صحابہ کرام کی پیروی اور ان کے ادب و احترام میں پوشیدہ ہے۔جماعت اہلسنت الجماعت چترال

چترال (محکم الدین) جماعت اہلسنت الجماعت چترال کے زیر اہتمام چترال پریس کلب میں سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ و سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں جماعت اہلسنت الجماعت کے قائدین و کارکنان کے علاوہ جمعیت العلماء اسلام،جماعت اسلامی،عوامی نیشنل پارٹی،پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنماوں اور سول سوسائٹی کے نمایندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اہلسنت الجماعت مولانا حافظ خوشولی خان، سرپرست اعلی چترال مولاناسراج الدین، سرپرست اعلی دروش مولانا محمد اکرام، رہنما کراچی ڈویژن مولانا مجیب الرحمن، مولانا جمیل الرحمن جنرل سیکرٹری، امیر جے یو آئی مولانا عبد الرحمن، رہنما جماعت اسلامی مولانا اسرار الدین الہلال نے کہا کہ اسلام کی بقاء قرآن عظیم الشان، نبی پاک کی ذات اقدس اور حضرات صحابہ کرام کی پیروی اور ان کے ادب و احترام میں پوشیدہ ہے۔ جو لوگ ان سے روگردانی کرتے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں دانستہ طور پر ایک گروہ حضرات صحابہ کی شان میں گستاخی کا ارتکاب کر رہا ہے۔ جن کا اصل مقصد حضورﷺ کی رسالت کے گواہ صحابہ کرام کو متنازعہ بنا کر اسلام کی حقانیت سے لوگوں کو گمراہی کی طرف لے جا نا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خلفائے راشدین اور صحابہ کرام اسلام کے وہ ستارے ہیں کہ ان جیسے شمع رسالت کے پروانے نہ پہلے کبھی پیدا ہوئے۔ اور نہ قیامت تک پیدا ہوں گے۔ کانفرنس میں مقررین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں ایک ملعون نے سیدنا صدیق اکبر کی شان میں گستاخی کی ہے۔ لیکن اس ملعون کو بچانے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ا س موقع پر کانفرنس میں متعدد قرار دادیں منظور کی گئیں۔ جن میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کی شان میں گستاخی کے مرتکب ملعون آصف رضا کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ صحابہ کرام کے عزت و احترام کو یقینی بنائی جائے۔ اور اس حوالے سے قانون سازی کرکے اس پر سختی سے عملدر آمد کیا جائے۔ سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سمیت دیگر خلفائے راشدین سے منسوب دنوں کو سرکاری سرپرستی میں منایا جائے۔ اور پشاور میں گستاخ رسولؐ کو عدالت کے احاطے میں کیفر کردار تک پہنچانے والے دین اسلام کے عظیم مجاہد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ اس موقع پر حافظ خوشولی خان نے پنجاب میں تحفظ ناموس صحابہ بل کو اسمبلی میں پیش کرنے پر محر ک کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور کہا کہ یہ بل صحابہ کی شان میں گستاخی کے مرتکب افراد کو روکنے میں کار آمد ثابت ہو گی کہ ہم ان لوگوں سے صرف یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ صحابہ کرام کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والے اپنے عمل سے باز آجائیں۔ ہم صحابہ کرام کو حق کا معیار سمجھتے ہیں۔ یہ سیدنا حضرت فاروق رضی اللہ عنہ کی ہی شخصیت ہے۔ کہ انہوں نے اپنے خلافت کے دوران اسلامی ریاست کو 22لاکھ مربع میل تک وسعت دی۔ اہلسنت الجماعت کے صدر حافظ خوشولی خان نے بھر پور تعاون کرنے پر ضلعی انتظامیہ لوئر چترال اور چترال پریس کلب کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس میں اے این پی کے صدر عید الحسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ دین اسلام کی سربلندی کیلئے علماء کے تمام سرگرمیوں کی بھر پور حمایت اور تعاون کی یقین دھانی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی مختصر زندگی میں کئی اسلامی ممالک کا سفر کرکے، رسول پاک کے روضے کی زیارت، صحابہ کرام اور علماء عظام کے مزاروں پر حاضری کا شرف حاصل کیا۔ یہ ان کیلئے بڑی بات ہے۔ کانفرنس کے دوران مدارس کے طلبہ نے حمدنعت شریف پیش کئے۔ جبکہ خطاب کے دوران فرط جذبات سے نعرہ تکبیر کی آوازوں سے پریس کلب ہال گونجتا رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں