374

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج گلگت کے شعبہ سیاسیات کے طلبہ کا گلگت بلتستان اسمبلی کا مطالعاتی دورہ

گلگت(خصوصی رپورٹ) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج گلگت کے شعبہ سیاسیا ت کے طلبہ نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی  کا مطالعاتی دورہ کیا۔شعبہ سیاسیات  کے طلبہ کے تعلیمی نصاب میں آئین پاکستان،طرزہائے حکومت،  صوبائی نظام حکومت اور  مقننہ ، انتظامیہ اور عدلیہ کے ابواب  خصوصی شامل ہیں۔طلبہ نے تدریسی طور پر ان تمام اہم عنوانات پرتحصیل علم کے بعد عملی طور پر گلگت بلتستان اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کرکے مقننہ میں ہونی والی قانون سازی کا طریق کار معلوم کیا۔حزب اقتدار و اختلاف  اور اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے متعلق اہم معلومامات حاصل کی۔شعبہ سیاسیات کے استاد امیرجان حقانی نے اپنے طلبہ کے ساتھ گلگت بلتستان اسمبلی کادورہ کیا جہاں پروٹوکول آفیسر بازیرخان ترنگفہ نے انہیں ویلکم کیا۔ اسمبلی کا دورہ کروایا۔ اسمبلی ہال میں طلبہ کے لیے ایک معلوماتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں انفارمیشن آفیسر عباس وفا اور پروٹوکول آفیسر بازیرخان نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی تاریخ، ارتقائی مراحل اور اس کے ارتقاء پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ شعبہ سیاسیات کے طلبہ نے گلگت بلتستان کی آئینی صورت حال، اسمبلی کی تاریخ،قانون سازیوں،اسٹینڈنگ کمیٹی کی کارگردگیوں، انتظامیہ اور مقننہ کا تعلق،گلگت بلتستان کے انتظامی آرڈر اور موجودہ سیاسی سیناریو  اور دیگر اہم موضوعات پر سوالات کیے۔طلبہ کے سوالات کے جواب میں انفارمیشن آفیسرعباس وفا کیساتھ بازیرترنگفہ اور علم سیاسیات کے استاد امیرجان حقانی نے  حصہ لیا۔عباس وفا نے کہا کہ یہ  قابل اطمینان بات ہے کہ طلبہ سیاسی شعور و آگاہی رکھتے ہیں اورعلاقائی اور قومی معاملات میں نہ صرف دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ اچھی معلومات بھی رکھتے ہیں۔گلگت بلتستان اسمبلی کے سیکریٹری عبدالرزاق نے بھی طلبہ کا سیاسی امور و آگاہی اور اسمبلی میں دلچسپی رکھنے پر خوشی کا اظہار کیا اورآئندہ بھی طلبہ کو قانون ساز اسمبلی کے سیشن کے دوران وزٹ کرنے کی دعوت دی۔سیکریٹری عبدالرزاق نے  گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی طرف سے تیار کردہ کتاب  ” گلگت بلتستان کا مختصر سیاسی ارتقاء (١٩٧٠ سے ٢٠٢٠) تک  پوسٹ گریجویٹ کالج  کی لائیبریری اور لیکچرار امیرجان حقانی کو  عنایت کیا۔طلبہ کرام کے لیے چائے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ پروٹوکول آفیسر بازیرخان نے طلبہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ یہی طلبہ گلگت بلتستان میں سماجی ہم آہنگی اور بین المسالک اتحاد و یکجہتی کا سبب بنیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں