313

تحریک حقوق عوام اپر چترال کی میٹنگ..مرکزی کابینہ کی تنظیم نو

اپرچترال/ تحریک حقوق عوام اپر چترال کی ایک اہم میٹنگ آج مختار لال ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں اپر چترال کے تمام علاقوں سے تحریک حقوق کے عہدہ داروں اور کارکنان نے شرکت کی۔ میٹنگ تحریک حقوق عوام کے مرکزی کابینہ کی تنظیم نو کے سلسلے میں تھا جس کیلئے متفقہ طور پر 13 اکتوبر کی تاریخ رکھی گئی جس میں تحریک کے تمام ممبران شرکت کرینگے اور موجودہ صدر جناب مختار لال کے ہاں نئے عہدیداروں کا تقرر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں علاقے کے مختلف مسائل زیرِ بحث آئے۔ سب سے پہلے چترال ڈویلپمنٹ موومنٹ کے نام سے پورے چترال میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایڈوکیٹ وقاص صاحب کی طرف سے جو تحریک شروغ کی گئی ہے تحریک حقوق عوام اپر چترال کی جانب سے اس تحریک کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کی 11 اکتوبر کے میٹنگ میں تحریک کے تمام نمائندگان شرکت کرینگے اور ان کے ساتھ ملکر اس تحریک کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ اس کے علاوہ لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے بھی 10 اکتوبر کو ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اپر چترال کے تمام علاقوں کے معززین کو دعوت دی گئی۔ اس میٹنگ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔ اپر چترال کے بجلی کے حوالے سے بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی اور شرکاء نے اپر چترال گرڈ اسٹیشن پر کام شروغ نہ ہونے پر شدید غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اہم۔این۔اے جناب عبدالاکبر صاحب نے یقین دہانی کاروائی تھی کہ مزکورہ پروجیکٹ کے لئے 15 کروڑ روپے ریلیز ہوچکے ہیں لیکن 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود کام شروع نہیں ہوسکا۔ اس حوالے سے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ مزکورہ پروجیکٹ پر جلد از جلد کام شروغ کیا جائے۔ مزید یہ کہ ریشن پاور ہاؤس پر کام کی رفتار تیز کرکے آنے والی سردیوں میں بجلی کی فراہمی شروع کی جائے اور سردیوں میں گولین گول پاور ہاؤس سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کیے جائیں تاکہ پچھلے سال کی طرح امسال بھی اپر چترال کے عوام بجلی سے محروم نہ رہ جائے۔ شرکاء نے متعلقہ اداروں اور مجاز افسران سے مندرجہ بالا مسائل کے حل کیلئے مثبت اور فوری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس طرح یہ میٹنگ اپنے اختتام کو پہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں