358

سیکرٹری ہیلتھ نے بونی میں موجود ٹیسٹنگ کے سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹنگ کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے مزیددو ٹیسٹنگ لیب بونی میڈیکل سنٹر کے لئے فوری فراہم کرنے کااعلان کیا

چترال (ڈیلی چترال نیوز)سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخواسید امتیاز حسین شاہ نے آغاخان میڈیکل سنٹربونی اورایمرجنسی رسپانس سنٹر بونی کادورہ کرتے ہوئے کورناوباءکے خلاف اے کے ایچ ایس پی کی طرف سے کئے گئے انتظامات کوتسلی بخش قراردیتے ہوئے کہاکہ آغاخان ہیلتھ سروس پاکستان چترال سمیت ملک کے دوسرے حصوں میں حکومت کے شانہ بشانہ طبی خدمات انجا م دے رہی ہیں جوقابل ستائش ہیں۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں کورونا وبا کی دوسری لہر شروع ہوگئی ہے، ضلع اپرچترال اور بعض علاقوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اوربعض تعلیمی اداروں میں بھی کورونا کے کیسسز سامنے آ رہے ہیں۔
سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا نے بی ایم سی اورایمرجنسی رسپانس سنٹر میںکورونا کے ٹیسٹنگ لیبارٹریز، وینٹی لیٹرز اور دوسرے ضروری کیٹس کا جائزہ لیتے ہوئے بونی میڈیکل سنٹر میں موجود ٹیسٹنگ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹیسٹنگ کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے مزیددو ٹیسٹنگ لیب بونی میڈیکل سنٹر کے لئے فوری فراہم کرنے کااعلان کیا۔جس سے ٹیسٹنگ کا عمل مزید تیز ہوگا۔انہوں نے ایمرجنسی رسپاس سنٹر بونی میں اکسیجن کے لئے سلنڈرفراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اپر چترال کے تمام مسائل سے بخوبی واقف ہے اورتمام بنیادی مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے
۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات میں فیس ماسک پہننے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے، تفریحی پارکوں کو شام چھ بجے تک بند کرنے، شادی ہالز، مارکیٹس، اور ریسٹورنٹس کو بھی رات 10 بجے سے پہلے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اس جان لیوا مرض سے محفوظ رہیں۔ تحصیل ہیڈکواٹرہسپتال بونی کے دورے کے موقع پراپر چترال میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چترال میں ٹیسٹنگ اور ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کے لیے فوری طور پر خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر محمد عرفان الدین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر چترال ڈی ایچ او اپر چترال ڈاکٹرفیاض علی رومی،ڈاکٹر شہرادہ حیدرالملک،فوکل پرسن کرونااپرچترال ڈاکٹرسردارنواز،آغاخان ہیلتھ سروس پاکستان کے ہیڈآف پروگرام فلک مدانی، منیجرکمیونٹی ہیلتھ چترال ریجن نصرت جہاں ،قدرالنساء،فوکل پرسن اے کے ایچ ایس پی چترال انوربیگ اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں