291

ایچ بی ایف سی وزیر اعظم کی وژن کے مطابق بے گھر افرادکے لئے اپنا ٹھکانہ اورچھت فراہم کرنے کے لئے قرضہ جات کے حصول کو یقینی بنانا ہے/ فیصل مراد

چترال (نمائندہ ) ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ کی چترال برانچ کا نئی تزئیں وارائش شدہ دفتر کا افتتاح پیر کے روز کمپنی کے گروپ ہیڈ بزنس اینڈ اپریشن فیصل مراد کے ہاتھوں ہوا جس میں ریجنل ہیڈ شاہ رضا، ایریا ہیڈ (نارتھ) نصر اللہ جان، ہیڈ پراپرٹی منیجمنٹ وسیم انور، برانچ منیجر مبشر حسن، منیجر چترال محمد ضمیر اور اسسٹنٹ منیجر بشارت علی ملوک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں فیصل مراد نے کہاکہ ایچ بی ایف سی وزیر اعظم کی وژن کے مطابق بے گھر افرادکے لئے اپنا ٹھکانہ اورچھت فراہم کرنے کے لئے اپنے انفراسٹرکچر میں بہتری لانے اور غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں سے بچتے ہوئے قرضہ جات کے حصول کو یقینی بنانا ہے اور نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کی لانچنگ کے ساتھ ہاؤسنگ فنانس میں اس کمپنی کا کردار نئی شکل اختیار کرگئی ہے۔ مسٹر مراد نے کہاکہ ہم حکومت پاکستان کے اس عظیم اور تاریخی ہاؤسنگ منصوبے کا حصہ بننے کی تیاریوں میں مصروف اور منتظر ہیں اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (NAPHDA)کے ساتھ قریبی تعلق کار قائم کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ HBFCملک کا سب سے قدیم اور بڑا ہاؤس فنانسنگ ادار ہ ہے جوکہ گھر خریدنے، تعمیر کرنے، تزئین وارائش کرنے اور دوسرے متعلقہ مقاصد کے لئے ضروری فنانس فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت کمپنی کے ملک بھر میں 41شہروں میں واقع 51شاخیں خدمت میں مصروف ہیں اور انہوں نے چترال برانچ کے عملے پر زور دیا کہ وہ اس پسماندہ علاقے کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں۔ انہوں نے فیتہ کاٹ کر نئی دفتر کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا جس میں شہر کے معززیں اور کاروباری طبقہ سے تعلق رکھنے والے بھی کثیر تعدادمیں موجود تھے۔ نئی تزئیں وارائش کے عمل سے گزرنے والی یہ صوبے میں دوسری اور ملک بھر میں پانچواں شاخ بتایاجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں