325

آوی کے مقام پر جیب ایبل پل تعمیر کیا جائے۔ عمائدین وی سی آوی کا مطالبہ

اپر چترال /عمائدین و سیاسی کارکنان ویلج کونسل آوی کا ایک اہم اجلاس پاکستان تحریک انصاف کے کارکن نور عالم خان کی قیادت میں آوی میں منعقد ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور پی ٹی آئی کی قیادت نیز سماجی حلقوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں شامل سارے افراد نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آوی و میراگرام کی شدید سفری مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آوی کے مقام پر جیب ایبل پل تعمیر کیا جائے۔ عمائدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پل سے نہ صرف آوی اور میراگرام کو فایدہ ہوگا بلکہ پورے یوسی ڑاسپور، یوسی مستوج اور یوسی یارخون کے لوگوں کو بھی بہت سارے سفری سہولیات مل سکتی ہے۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ چونکہ اپر چترال کا سب سے معیاری ہیلتھ سنٹر یعنی بونی میٹرنٹی ہوم کروئے جنالی بونی میں واقع ہے ان تینوں یوسیز سے ہسپتال آنے والوں کو بونی بازار میں گاڑیوں سے اتر کر بونی میٹرنٹی ہوم کروئے جنالی تک جانے کے لئے چار سے پانچ سو روپے کی بکنگ کرنی پڑتی ہے جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین پر مالی بوجھ پڑ رہا ہے اگر آوی میں جیب ایبل پل بنتا ہے تو ڑاسپور، مستوج اور یارخون سے بی ایم سی آنے والے ڈائریکٹ ہسپتال کے سامنے اُترنے کی صورت میں ان کے بکنگ کے پیسے بچ جائیں گے۔ عمائدین کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پل کی تعمیر سے بونی بازار میں لگنے والی رش اور ٹریفک جام سے بچنے میں مدد ملے گی۔
عمائدین وی سی آوی نے پی ٹی آئی اپر چترال کی قیادت اور مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے کی اس اہم ضرورت کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر علاقے کا بہت بڑا مسئلہ حل کرنے میں مدد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں