277

انسداد پولیو مہم کے دوران اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی /چیف سیکر ٹری ڈاکٹر کاظم نیاز

پشاور/حکومت خیبر پختونخوا کے چیف سیکر ٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ صوبہ سے پولیوکا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وہ11جنوری کو صوبہ بھرمیں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے اس موقع پرصوبہ خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی، چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی رابعہ بصری، سیکرٹری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ امتیاز حسین شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ، سیکرٹری ایجوکیشن، ڈی جی ہیلتھ سروسز، صوبے کے تمام ڈویژنز کے کمشنرز،اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخواکے کوآرڈینیٹر عبدالباسط، ٹیکنیکل فوکل پرسن بی ایم جی ایف، این سٹاف، یونیسیف، ڈبلیو ایچ اوکے نیشنل ٹیم لیڈز،روٹری انٹر نیشنل کے کنٹر ی ہیڈ عزیز میمن، ای پی آئی اور صوبائی ای او سی کے حکام نے شرکت کی اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس کو بتایا کہ11جنوری سے صوبہ بھر شروع ہونے والی انسدادپولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 70لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے مہم کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ گزشتہ سال صوبہ میں پولیو مہمات موثرانداز میں چلائی گئیں جس کی وجہ سے پولیو کیسز میں خاطر خواہ کمی دیکھنے کو ملی اس سلسلےمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیو ورکرز نے بھر پور کردار اداکیاہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سال ضلعی انتظامیہ اور پولیو ورکرز کی انتھک محنت سے انکاری والدین کی شرح میں کمی آئے گی تاہم ہم خطے میں پولیو وائرس کے خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ناگزیر ہے جس میں کوئی غفلت اورکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کے ہمراہ پشاور میں موجود رہ کر پولیو مہم کی نگرانی کریں گے انہوں نے محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اورسماجی بہبودکو ہدایات جاری کیں کہ ان اداروں کا عملہ بھی اس قومی مشن میں بھرپورحصہ لیں جس کیلئے ایک نئی حکمت عملی بنائی جائے تاکہ پولیو مہمات کو مزیدموثر بنایاجائے ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ پولیو ایک قومی مسئلہ ہے اس لئے اس وائرس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے انسدادپولیو مہمات ہر صورت میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ اس ناسورکاجلد ازجلدخاتمہ ممکن ہو سکے۔ اس موقع پرانسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے اجلاس کو بتایاکہ پولیو مہمات کی کامیابی کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے اوران مہمات کو کا میاب بنانے کے لئے ہرحد تک جائیں گے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ انسداد پولیو کی راہ میں حائل تمام تر مشکلات اور چیلینجز کے باوجود حکومت خیبر پختونخوااس کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے پولیو کا خاتمہ ہمارے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لئے ناگزیر ہے اور پولیو کے خاتمہ کے لئے احتساب اورجوابدہی کا ایک موثر نظام وضع کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہصوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا کردار انتہائی اہم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں