333

گلگت تا چترال روڑ کی تعمیر کا منصوبہ آئندہ ہونے والی جی سی سی اجلاس کے ایجنڈے پر آئیگا، اسد قیصر

اسلام آباد (پ ر) گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب ممبران کیلیے منعقدہ تربیتی پروگرام کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان نہایت اہمیت کا حامل علاقہ ہے سیاحت اور ماحولیات پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے. گلگت تا چترال روڑ کی تعمیر کا منصوبہ آئندہ ہونے والی جی سی سی اجلاس کے ایجنڈے پر آئیگا. اس روڑ کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں سیاحت سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی ممکن ہوگی. اسمبلی بہت اہم ہوتی ہے کیونکہ اسکے ممبران کسی بھی کمیونٹی یا معاشرے کو لیڈ کرتے ہیں اسمبلی ممبران جو بھی کام کرنا چاہتے ہیں مطلوبہ شعبے میں ماہر افراد کی مشاورت سے کرے اورہر شعبے کے پیشہ ورانہ افراد پر مشتمل ورکنگ گروپ بنائیں تاکہ تاکہ بروقت پیشہ ورانہ انداز میں مطلوبہ نتائج حاصل کرسکیں. انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران کیلیے پہلا سال نہایت اہم ہے جو بھی منصوبے ہیں ان پر ابھی سے کام شروع کردیں کیونکہ سرکاری پروسیجر انتالمبا ہے اگر ابھی سے وقت ضائع کیا تو آگے کچھ بھی نہیں کر سکے گا۔ آخری سال تو سرکاری آفیسران منتخب ممبران کی کال تک اٹھانا گوارا نہیں کرتے ہیں. سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ سی پیک کی وجہ سے گلگت بلتستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے سی پیک مکمّل آپریشنل ہوگا تو گلگت بلتستان میں ہر شعبہ ترقی کریگا جس سے یہاں پر معاشی سرگرمیوں میں بے تحاشا اضافہ ہوگا. سی پیک گلگت بلتستان کے لیے اہم موقع ہے ممبران اسمبلی اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے ابھی سے پلان ترتیب دیں. سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ بہت محنتی اور تعلیم یافتہ ہیں امید ہے نو منتخب اسمبلی ہم سے بہتر کام کریگی. سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پلاننگ کی وزارت نہایت اہم ہے وزیر منصوبہ بندی اسمبلی ممبران کی مشاورت سے آئندہ پانچ سالوں کے لئے تفصیلی پلان ترتیب دیکر وہاں کی کابینہ سے منظوری لے. اس پر عمل درآمد کیلیے وفاق میں ہم گلگت بلتستان کوہرممکن تعاون فراہم کرینگے. ہماری خواہش ہے کہ اس سے گلگت بلتستان کے لوگوں کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف ملے. ہم نے کے پی کے اسمبلی میں تاریخی قانون سازی کرکے ہر ادارے میں اصلاحات لائے ہیں. گلگت بلتستان اسمبلی کے پی کے اسمبلی کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرے. اس موقع پر سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں قانون سازی کے عمل کو بہتر بنانے کیلیے تمام اسمبلیوں کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے ہم میں سے ذیادہ ترمنتخب ممبران اسمبلی نئے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے.ہم پارلیمانی امور کے ماہرین سے بھرپور فائدہ اٹھاکر گلگت بلتستان اسمبلی کو ترقی دیں گے اور گلگت بلتستان میں بہترین قانون سازی کرینگے اور اسمبلی کے ذریعے اس پر مکمل عملدرآمد بھی کرائیں گے. میں جب سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوا تو سب سے پہلے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے مبارکباد دی اور ملاقات کیلیے بلایا جہاں پر نو منتخب ممبران اسمبلی کی پارلیمانی امور کے حوالے تربیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی. سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی نو منتخب ممبران کیلیے تربیتی پروگرام میں شرکت اور خصوصی تعاون پر شکریہ ادا کیا. واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے تعاون سے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز اسلام آباد میں گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب ممبران کیلئے پانچ روزہ تربیتی پروگرام جاری ہے جس میں گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران شریک ہیں. پارلیمانی امور کے حوالے سے منعقدہ پروگرام میں قومی اسمبلی اور پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز اسلام آبادکے پارلیمانی امور کے ماہرین نو منتخب ممبران اسمبلی سے اپنے تجربات کا تبادلہ کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں