416

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان آج سے استحکام خاندان مہم کا آغازکرے گی.امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق مہم کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

چترال /جماعت اسلامی پاکستان کی ہمیشہ خاندان کے استحکام پر خصوصی توجہ رہی ہے کیوں کہ خاندانی نظام معاشرے کی بنیادی اکائی اور اساس ہے ,عورت خاندانی نظام کی محافظ اور اقدار و روایات کی امین ہے- خاتم الانبیاء حضرت محمد ﷺ نے نسوانیت کو مکمل حقوق و اختیارات کے ساتھ خاندان کا مربی و محافظ بنایا ہے لیکن حقوق نسواں کے غیر حقیقی اورمصنوعی نعرے عورت کے وقار اور خاندان کے وجود کو کھوکھلا کررہے جس سے معاشرتی نظام بھی بری طرح شکست و ریخت کا شکار ہو رہا ہے -ان حالات میں ٹوٹتے بکھرتے خاندانی نظام معاشرتی انتشار کے آگے بند باندھنے اور اسکی اصلاح کے لئے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے 10 فروری تا 10 مارچ “مضبوط خاندان …محفوظ عورت…مستحکم معاشرہ ” کے عنوان سے ایک مہم منانے کا فیصلہ کیا ہے. ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے مہم کے آغاز پر اپنے خصوصی بیان میں کیا-

انہوں نے کہا کہ استحکام خاندان مہم کا مقصد خاندانی نظام کی اہمیت اجاگر کرنا , طلاق کی بڑھتی ہوئ شرح میں کمی کے لئے تربیت اولاد پر توجہ, مردوں کو بحثیت ولی ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانا اور معاشرے میں تکریم نسواں کا شعور اجاگر کرنا ہے –

انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران بڑے بڑے اضلاع اور شہروں میں خاندانی نظام کی حفاظت , درپیش چیلنجز اوربچاؤ کے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے سیمنارز , کانفرنسز ,مشاورتی فورم اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی
انٹرنیشنل لیول کے فیملی انسٹیٹیوٹ کا قیام , خاندان کے آگاہی پروگرامات کاانعقاد بھی مہم کا حصہ ہوں گے .خاندان کے استحکام کے حوالے سے تجاویز اور لائحہ عمل پر مبنی ٹاک شوز اور کالم مضامین لکھوانے کا اہتمام کیا جائے گا
مضبوط خاندان اور محفوظ معاشرے کے حوالے سے اہم رہنمائئ پر مبنی بل بورڈز , بینرز , اور فلیکس آویزاں کیے جائیں گے
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران عوام الناس کو باور کروایا جائے گا کہ عورت کی اصل آزادی اسلام کی متعین کردہ حدود میں ہے- اور مضبوط خاندانی نظام ہی کامیاب و پاکیزہ معاشرے کا ضامن ہے-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں