930

دو سال قبل کی ایک تصویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈکرکے لوگوں کو باور کرانے کی بھی کوشش جاری ہے /ایم پی اے مولاناہدایت الرحمن

چترال (ڈیلی چترال نیوز) چترا ل سے صوبائی اسمبلی کے رکن مولانا ہدایت الرحمن نے گزشتہ دنوں جغور گاؤں میں ایک کم عمر لڑکی کی بلوچستان میں شادی کے حوالے سے فیس بک پر مختلف سیاسی مخالفین کی طرف سے ان پر لگائے گئے الزامات اور اس واقعے میں انہیں ملوث کرنے کی کوشش کو محض ایک سیاسی انتقام کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے اس سے اپنی مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا کو جاری شدہ ایک وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کے سیاسی مخالفین نے ان کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور گزشتہ سال چمرکن میں زمین کے تنازعے کو ہوا کو دے کر جس طرح انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی، بالکل اسی طرح جغور میں ایک شادی کے حوالے سے بھی ان کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بھونڈی کوششیں جاری ہیں جوکہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ مولانا ہدایت الرحمن نے مزید کہاکہ دو سال قبل کی ایک تصویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈکرکے لوگوں کو باور کرانے کی بھی کوشش جاری ہے۔انہوں نے مخالفین کو چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ اگر ان کے ملوث ہونے کو ثابت کیا تو وہ ایک لمحہ بھی ضائع کئے بغیر اپنی نشست سے استعفیٰ دینے کو تیار ہیں لیکن اگر ثابت نہ کرسکے تو اپنی ہتک عزت میں ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں