260

لویر چترال کی ضلعی انتظامیہ۔۔ ہزاروں کی تعداد میں ذبح شدہ مرغیاں اپر چترال ٹرانسپورٹ کرنے کی کوشش کو ناکام بناکر دریا برد کردیا

چترال (نمائندہ  ) لویر چترال کی ضلعی انتظامیہ نے ڈاؤن ڈسٹرکٹ سے ہزاروں کی تعداد میں ذبح شدہ مرغیاں بوریوں میں بھرکر اپر چترال ٹرانسپورٹ کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا اور انہیں مضر صحت اور مشکو ک قرار دے کر دریا برد کردیا۔ ایڈیشنل اے سی شہزاد احمد نے بتایاکہ پیشگی اطلاع ملنے پر انہوں نے کوغوزی کے قریب اپر چترال جانے والی ایک ڈاٹسن کو روکا جس میں ذبح شدہ مرغیوں کی بوریاں لوڈ کئے گئے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ ان مرغیوں کو کھلی گاڑی میں اور حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ٹرانسپورٹ کئے جارہے تھے جبکہ ایسے مواد کو ایک خاص ٹمپریچر پر رکھنے کیلئے کولڈ چین کا انتظام بھی لازمی ہوتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گاڑی کے مالک کے پاس مجاز اتھارٹی سے کوئی اجازت نامہ یا اتھارٹی لیٹر بھی موجود نہیں تھا جس کی بنا پر انہیں واپس چترال لانے کے بعد فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے ساتھ مشاورت کے بعد اس ناقابل استعمال چکن کو دریا برد کردیا گیا جبکہ مالک کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت کاروائی بھی کی جائے گی۔ شہزاداحمد نے چترال کے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ ایسے مشکوک اشیائے خوردونوش کی نقل وحمل اور خرید وفروخت کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت اطلاع دے دیں تاکہ ان کے خلاف کاروائی کیا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں