363

اپر و لوئر چترال میں سیلاب ذادہ علاقوں کی بحالی کے لیے 694.322 ملین روپے منظور، معاون خصوصی برائے اقلیتی امور

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے ضلع اپر و لوئر چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور انفراسٹرکچر کی فوری بحالی اور تعمیر کے لئے 694.322 ملین روپے کی فنڈز کی منظوری پر وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کی منظوری سے اپر اور لوئر چترال میں بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا، انہوں نے ضلع چترال کے عوام کی جانب سے بھی صوبائی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ ضلع چترال میں پچھلے سال سیلاب سے اپر اور لوئر چترال کے کئی علاقوں میں انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا تھا جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور تمام تر نقصانات کا بذاتِ خود جائزہ لیا تھا اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے فنڈز دینے کا اعلان بھی کیا تھا جس کو آج تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے فنڈز منظور کر کے عملی جامہ پہنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کل منظور شدہ بحالی فنڈز جو کہ 694.322 ملین روپے ہیں،میں سے 36.562 ملین روپے مختلف واٹر سپلائی سکیمز کے لئے مختص کئے، جسمیں لوئر چترال کے واٹر سپلائی سکیمز کے لئے 22.20 ملین جبکہ اپر چترال کے واٹر سپلائی سکیمز کے لئے 14.362 ملین روپے رکھے گئے ہیں، اسی طرح ایریگیشن کی مد میں کل 475.75 ملین روپے مختص کئے ہیں جس میں لوئر چترال کے مختلف ایریگیشن سکیموں کے لیے 132.84 ملین روپے جبکہ اپر چترال ایریگیشن سکیموں کے لئے 342.91 ملین روپے رکھے گئے ہیں،۔ مختص کردہ فنڈ میں سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے لئے کل 182.01 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، جس میں لوئر چترال کے روڈز انفراسٹرکچر کے لئے 148.41 جبکہ اپر چترال روڈز انفراسٹرکچر کے لئے 33.60 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مختص فنڈز سے اپر اور لوئر چترال میں پروٹیکشن والز کی چینلائزیشن، مواصلاتی نظام کی بحالی، ایریگیشن چینلز کی بحالی، پلوں ودیگر بحالی اور تعمیر نوعمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اقلیتی آمور وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دیگر اضلاع سمیت پسماندہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع چترال کا شمار پسماندہ اضلاع میں ہوتا ہے، موجودہ صوبائی حکومت ضلع چترال کی بحالی اور ترقی کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ معاون خصوصی نے ایک بار پھر وزیراعلی محمود خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ضلع چترال کی ترقی کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، ضلع اپر اور لوئرچترال میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، محمود خان چترال کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہے، جس پر چترال کے عوام وزیراعلی خیبرپختونخوا کے تح دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ضلع چترال میں مزید ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضلع چترال کو سیاحتی حب بنانے کے لئے تیز تر منصوبہ بندی کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب چترال سیاحت کے حوالے سے ایک عالمی معیار کا سیاحتی حب بن جائے گا، جس سے ضلع چترال کی تقدیر بدل جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں