448

بلاوجہ سابق حکومتوں پر تنقید کرنا ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے مترادف ہے/صوبائی سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش

گلگت (پ ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی رْکن اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ حکومت تعمیراتی شعبے کے لئے بجٹ لانے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے۔ ہوائی اعلانات، جھوٹے وعدے  اور یوٹرن پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔ حقیقی تعمیر و ترقی کے لئے عملی اقدامات پر اپوزیشن مثبت کردار ادا کرے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بلاوجہ سابق حکومتوں پر تنقید کرنا ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے  مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ جن جن اضلاع میں اعلانات کررہے ہیں امید ہے ان اعلانات پر عملدر آمد ہونگے صوبائی حکومت کے اعلانات ہوائی اس لئے لگ رہے ہیں کہ وفاق میں یہ لوگ عوامی نوعیت کے فیصلوں پر تاریخی یوٹرن لیکر آئے دن عوام کش فیصلے کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں بھی دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے وعدے اور ہوائی قلعے تعمیر کئے جارہے تھے مگر عملی طور پر کسی ایک بھی وعدے اور دعوے پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا اسی طرح کے اعلانات اب نگر کے ضمنی الیکشن میں بھی کئے جا رہے ہیں جن پر یوٹرن لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے عوامی مفادات کے لئے فیصلے اور عملی اقدامات کرے اپوزیشن انکا بھرپور ساتھ دے گی اور اگر اسکے برعکس کیا گیا تو پھر اپوزیشن بھرپور مخالفت کرے گی۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن حد تک جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں ہونے والے حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے تبدیلی سرکار کو مسترد کر کے واضح کیا ہے کہ انکا مینڈیٹ عوامی نہیں تھا بلکہ یہ حکومت مسلط کردہ افراد کا ٹولہ ہے خصوصاً کے پی کے میں عبرتناک شکست نے تبدیلی سرکار کے مینڈیٹ پر بہت بڑے سوال اٹھا دئے ہیں۔ وفاقی حکومت کے بد اثرات گلگت بلتستان میں بھی پہنچ گئے ہیں جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ صوبائی حکومت وقت گزاری کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دے۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بدترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر زبردستی اقتدار میں آنے والی حکومت کی ابھی تک کوئی کارکردگی نظر نہیں آئی۔ تاحال صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی ایسے فیصلے سامنے نہیں آئے جن سے عوام کو ریلیف ملنے کا کوئی امکان ہو۔ گلگت شہر سمیت گلگت بلتستان کے اکثر اضلاع میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں