515

کھیل انسانی صحت کی بہتر نشو نما اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ڈی سی چترال

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال)دپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ نے کہا ہے ۔ کہ ہم جب تک کھیلوں سے لے کر دیگر کاموں تک میرٹ کو یقینی نہیں بنائیں گے ۔ تب تک لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے قابل نہیں ہوں گے ۔ آج دنیا میں دہشت گردی اور دیگر منفی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک بڑی وجہ میرٹ کو نظر انداز کرنا ہے ۔ جس کی وجہ سے بہت سے مسائل کا ہمیں سامنا ہے ۔ اس لئے یہ ضروروی ہے ۔ کہ ہر کام میرٹ پر کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز صوبائی حکومت کی طرف سے سپورٹس ٹرائل کے سلسلے میں مختلف کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے ہال میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کھیل انسانی صحت کی بہتر نشو نما اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ اور پاکستان نے سابقہ دور میں ہاکی اور کرکٹ جیسے کھیلوں میں ورلڈ کپ جیت کر نام کمایا ۔ مگر افسوس ہے ۔ کہ بعد میں میرٹ کی پاسداری نہ ہونے کے سبب کھیلوں کا وہ معیار برقرار نہیں رہا ۔ تاہم صوبائی حکومت نے موجودہ وقت میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے میرٹ کی پالیسی اپنانے کا آغاز کیا ہے ۔ اس لئے بحیثیت ضلعی ذمہ دار ہمارا یہ فرض بنتا ہے ۔ کہ ہم کھیلوں کے مقابلے میں میرٹ پر سختی سے عملدر آمد کریں ۔ تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی ٹیم تشکیل دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ دنیا میں پاکستان کے مقابلے میں بہت چھوٹے ممالک کھیلوں کے میدان میں بہت آگے نکل گئے ہیں ۔ اور گولڈ میڈل حاصل کر رہے ہیں ۔لیکن ایک ہم ہیں کہ 1994کے بعد کوئی بھی میڈل حاصل نہ کر سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ صوبائی حکومت کی طرف سے کھیلوں کے یہ مقابلے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ اور انشااللہ باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کا ہر صورت پاس رکھا جائے گا ۔ اُسامہ احمد وڑائچ نے چترال کے قدیم کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں 27مارچ سے چترال شہر میں ایک بہار میلہ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ جس میں تمام قدیم کھیل پولو ، گُھڑ دوڑ ،بُزکشی ،رسہ کشی ،تالاب میں ڈبونے کا مقابلہ (چھتو اولئیک)وغیرہ کئی کھیلوں کے شاندار مقابلے ہوں گے ۔ جبکہ بہار میلہ میں شرکت کیلئے گلگت کی ٹیم بھی چترال آئے گی ۔ اور چترال سمیت پوری دنیا کو فری سٹائل پولو چترال شہر میں گلگت اور چترال کی ٹیموں کے مابین مقابلے کی صورت میں دیکھنے کا نادر موقع ملے گا ۔ ڈی سی نے کہا ۔اس میلہ میں شرکت کیلئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور قائد تحریک انصاف عمران خان نے ہماری دعوت قبول کی ہے ۔ اور ہم نے مہمانوں سمیت دس ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا ہے ۔ یہ چترال کی تاریخ میں شاندار میلے کے نام پر یاد رکھا جائے گا ۔ صدر محفل پرنسپل گورنمنٹ سنٹنیل ماڈل ہائی سکول چترال کمال الدین نے کہا ۔ کہ سپورٹس ٹرائل میں نمایاں کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کی سلکشن کیلئے ہر کھیل سے متعلق ماہر افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ جوبلاامتیاز صلاحیت کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا چُناؤ کریں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ان کھیلوں میں انڈور اور آوٹ ڈور دونوں کھیل شامل ہیں ۔ پرنسپل نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ وہ کھیلوں کے فروغ اور کلچر کے تحفظ کیلئے انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سنٹنیل ماڈل سکول چترال بازار میں صفائی کے حوالے سے آگہی دینے کا آغاز کر رہا ہے ۔ تاکہ شہر خصوصا بازار ایریے میں پھیلنے والی ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول کرنے میں مدد مل سکے ۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر چترال لطیف احمد ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز ،عبدالاکرم ، مظہر علی شاہ ، بشارت احمد ، اسرار احمد کے علاوہ اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ بعد آزان ڈی سی چترال اور سنیر صحافی جہانگیر جگر نے ٹیبل ٹینس کا دوستانہ میچ کھیل کر کھیلوں کے مقابلے کا افتتاح کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں