286

عمران خان کا قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔سینیٹر مشتاق احمد خان

پشاور(چیف اکرام الدین) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اپنے ممبران کی بھیڑ بکریوں کی طرح بولیاں لگیں۔ عمران خان کا بیانیہ دم توڑ رہا ہے۔ وزیراعظم چور چور کا شور مچا کر اپنے چوروں کو بچا رہے ہیں۔ شوگر، آٹا، سیگریٹ اور آئی پی پیز مافیا حکومت میں بیٹھی ہے۔ آئے روز مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے وزیراعظم مہنگائی کا نوٹس لیتے ہیں تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور ایف اے ٹی ایف جا غلام بنا دیا گیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی طرف سے بنے بنائے قوانین پارلیمان سے پاس کئے جارہے ہیں جو غلامی کی بدترین مثال ہے۔جماعت اسلامی حکومت کے خلاف تحریک چلا رہی ہے،حکومت اور اپوزیشن میں شامل کچھ جماعتوں نے ملک کو لوٹا، جماعت اسلامی ان لٹیروں کو سزا دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ احیاء العلوم بلامبٹ دیر پائین میں دو روزہ اجتماع امیدواران برائے ملاکنڈ ڈویژن کے شرکاء خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امیر مولانا محمد اسماعیل اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کے ووٹ کے لیے 178 ووٹوں کا دعویٰ کیا جبکہ یہ تعداد بھی مشکوک ہے 16 فروخت شدہ ووٹوں کے بغیر عمران خان 162 ممبران کے وزیراعظم ہیں ۔اعتماد کے ووٹ کے لیے ان کے اپنے اعلان کے مطابق فروخت شدہ ووٹوں کو ساتھ ملاکر آئین ،جمہوریت ، اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے اب یہ اعتماد اور عمران خان متنازع ہی رہیں گے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی صورتحال مزید بحرانوں کو جنم دے گی عملاً غریب عوام ہی کچلے جائیں گے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اعتماد کے ووٹ کے جعلی پارلیمانی عمل اور پی ڈی ایم کے لائحہ عمل سے اپنے آپ کو الگ رکھاہےہم پورے ملک میں پریشان اور نظام کی ابتری سے مایوس عوام کو منظم کریں گے اور سیاست و جمہوریت کو جمہوریت دشمنوں سے آزاد کرائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں