504

چترال کو تیس میگاواٹ بجلی کی سپلائی کیلئے ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے سروے کے کام کا آغازکرکے وزیراعظم نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا۔ضلعی صدر پی ایم ایل (ن) سید احمد خان

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) پاکستان مسلم لیگ ن چترال کی ضلعی قیادت نے کہا ہے ۔ کہ وزیر اعظم نواز شریف نے چترال کے عوام کو مسائل سے نکالنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔ لواری ٹنل کیلئے خطیر فنڈ کی فراہمی ،چترال کو تیس میگاواٹ بجلی کی سپلائی کیلئے ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے سروے کے کام کا آغاز ، سڑکوں کی تعمیر کیلئے اقدامات اور سیلاب و زلزلے کے متاثرین کیلئے دو ارب بیس کروڑ روپے کے فنڈ کی فراہمی اس کا بین ثبوت ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن چترال کے صدر سید احمد خان نے پیر کے روز چترال پریس کلب میں اپنی کابینہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں جنرل سیکرٹری صفت زرین تحصیل چترال صدر محمد کوثر ایڈوکیٹ ، ترجمان پی ایم ایل (ن) نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ اور غلام حضرت انقلابی ایڈوکیٹ موجود تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پچھلی حکومت میں لواری ٹنل پر کام فنڈ کی عدم دستیابی کے سبب نہ ہونے کے برابر تھا ۔ جبکہ موجودہ حکومت میں فنڈ کا کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے ۔ اور وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق لواری ٹنل دسمبر 2016میں مکمل کیا جائے گا ۔ جس کیلئے متعلقہ تعمیراتی کمپنی کی طرف سے شب و زور انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ یہ وزیر اعظم نواز شریف ہی ہیں ۔ جنہوں نے گولین ہائیڈل پاور سٹیشن سے تیس میگا واٹ بجلی چترال کو دینے کا نہ صرف اعلان کیا ۔ بلکہ چترال بھر میں بجلی پہنچانے کیلئے عملی طور پر سروے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وزیر اعظم چترال کو ایک عالمی منڈی کے طور پر ترقی دینے کا وژن رکھتے ہیں ۔ اور اس حوالے سے اُن کی کوششیں جاری ہیں ۔ سید احمد خان نے کہا ۔ کہ زلزلے میں جو لوگ مستحق ہونے کے باوجود امدادی چیکوں سے محروم رہے ہیں ۔ اُن کی مدد ضرور ہونی چاہیے ۔ اور وزیر اعظم نے چترال میں اپنے دورے کے موقع پر ایسے ہی متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر چترال کے بعض لوگوں کا اعتراض ہے ۔ جس کی دوبارہ سروے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ اس حوالے سے چیر پرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے دوبارہ سروے کی یقین دھانی کرائی ہے اور اس سلسلے میں ایک سروے ٹیم نے چترال کا دورہ کیا ہے جس کے مثبت نتائج نکلیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ اسی طرح صحت پروگرام سے بھی چترال محروم نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وفاقی حکومت چترال پی آئی اے پروازوں میں اضافہ اور کرایوں میں مناسب کمی کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اس سے چترال کے مسافروں کو بہت فائدہ ہو گا ۔ اسی طرح وزیر اعظم نے اپنے دورہ چترال کے موقع پر کوراغ میں قرضوں کی معافی کا جو اعلان کیا تھا ۔ بعد میں بعض افراد کی طرف سے مخالفت کی بنا پر اس اعلان پر عملدرآمد تعطل کا شکار ہوا ہے ۔ تاہم یہ توقع ہے ۔ کہ اس کو بھی عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وزیر اعظم نے وہ اقدامات کئے ۔ کہ چترال کے ایم این اے شہزادہ افتخارالدین اور ایم پی اے سلیم خان مخالف پارٹیوں سے تعلق رکھنے کے باوجود بھی اُن کی تعریف کرنے پر مجبور ہوئے ۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا ۔ کہ وفاقی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے ۔ لیکن صوبائی حکومت کی نا اہلی اور ضلعی انتظامیہ کی کمزوری کے باعث عام آدم کو اُس کے کوئی فوائد نہیں مل رہے ۔ آج بھی لوگ گاڑیوں کے کرایے اور اشیاء خوردونوش سابقہ قیمت پر خرید رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سُستی اور کمزوریوں کے باعث وفاقی حکومت کے مثبت اقدامات کے فوائد عوام تک نہیں پہنچ رہے ۔ جو کہ عوام دُشمنی کے مترادف اور اپنی طرف سے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی ایک سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف چترالی عوام کے ہردلعزیز وزیر اعظم ہیں اور عوام نے اُن کی چترال دوستی کا ادراک کر لیا ہے ۔ اس لئے وزیر اعظم کے اگلے دورہ چترال کے عوام اُن کا شاندار استقبال کرکے اپنی محبت کا اظہار کریں گے ۔ وزیر اعظم کی آمد پر ایک عظم الشان جلسے کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اور عوام اپنے محبوب وزیر اعظم سے بالمشافہ ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ۔ کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دروازے تمام لوگوں کیلئے کُھلے ہیں ۔ اور ہم تنگ نظر نہیں وسعت قلب کے حامل لوگ ہیں ۔ ہمارے دل میں سب کیلئے جگہ موجود ہے ۔ ہم تمام آنے والے دوستوں کو خوش آمدید کہیں گے ۔
ُٓ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں