298

حکومت کا یکم جون سے سکردو ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹس کا آغاز کرنے کا اعلان

حکومت نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے یکم جون سے سکردو ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹس کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس مقصد کیلئے سکردو ایئرپورٹ پر تمام تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں، اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ستر سال میں اس شعبے کو بری طرح نظرانداز کیا گیا، حالانکہ سیاحت کو فروغ دے کر روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں جس سے نہ صرف نوجوانوں کا بے روزگاری کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے بلکہ معیشت کو بھی اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں مدد مل سکتی ہے، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سیاحت کو فروغ دیا جائے اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں یکم جون سے سکردو ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹس شروع کی جارہی ہیں، زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ یکم جون کو پہلی انٹرنیشنل فلائٹ سیاحوں کو لے کر سکردو ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی، جو گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، زلفی بخاری نے کہاکہ گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات پر لوگوں کو سیاحوں کیلئے گھروں کے ساتھ کمرے تعمیر کرنے کی غرض سے آسان شرائط پر قرضے بھی دیئے جارہے ہیں تاکہ سیاحوں کے قیام کی سہولیات میں اضافہ کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ بیرون ملک سیاحتی میلوں کا انعقاد انتہائی آسان ہیں ہم پاکستان میں بھی سیاحت کے فروغ کے لئے ہونے والے میلوں کے انعقاد کا طریقہ کار آسان بنانا چاہتے ہیں تاکہ ٹورازم بورڈ کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہوسکیں،انھوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے ہم سترسال پرانے طریقوں پر عمل پیرا ہیں ان طریقوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ،گلگت بلتستان میں سفر کے حوالے سے مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے ذلفی بخاری نے کہا کہ سکردوایک دن میں ایک فلائٹ جاتی ہے اور تین منسوخ ہوجاتی ہیں ان حالات میں ہم کیسے سیاحت کو فروغ دینے کا سوچ سکتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ایوی ایشن نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سکردو کے لئے انٹرنیشنل پروازیں شروع کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا آغاز کردیا ہے اور یکم جون کو پہلی انٹرنیشنل فلائٹ سکردو ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی ،انھوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے انٹرنیشنل ہوٹلز کی چین کو پاکستان میں ہوٹلز قائم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ٹیکسلا عجائب گھر کو عالمی معیار کا بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں