224

عالمی یوم شجر کاری کے حوالے سے چترال میں شجر کاری مہم کا آغاز

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال)عالمی یوم شجر کاری کے حوالے سے گورنمنٹ سنٹنئل ماڈل ہائی سکول چترال میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ تھے۔اُنہوں نے سکول کے لان میں دیودار کا پودا لگاکر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس موقع پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر چترال سلیم مروت نے سونامی بلین ٹری پروجیکٹ پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سال ضلع چترال میں 175ہیکٹر ایریا پر ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں میں ‘ایک بچہ ایک پودا ‘کی بنیاد پر چترال بھر میں مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اس مہم میں منتخب ناظمین، لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز اور سکول کے بچوں کو ساتھ لیا گیا ہے۔ ۔ مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال نے حاضریں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگی کے بقاء کا دارومدار درختوں پر ہے اوردرختوں کی کمی کو کسی اور چیز سے پورا نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ چترال اور دوسرے اس جیسے پہاڑی علاقوں میں جنگلات کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے جن کی مناسب رقبے پر موجودگی سے سیلاب جیسی آفت کا آسانی سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے جوکہ سیلاب کو روکنے میں ممدومعاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں موجود جنگلات کو محفوظ بنانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر کام ہورہا ہے تاکہ یہاں کا قدرتی حسن برقرار رہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ نہ صرف شجرکاری کے مہم کو کامیاب بنائیں بلکہ ان پودوں کی نشو نما میں حصہ لیں جس کے بغیر یہ ایک بے مغنی پریکٹس ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں