359

وادی کیلاش چترال میں سیاحوں کی سہولت کیلئے خوبصورت کیمپنگ پاڈز قائم

پشاور۔۔۔ محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا نے سیاحوں کی سہولت کیلئے مختلف مقامات پر نہایت خوب صورت کیمپنگ پاڈز قائم کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا محکمہ سیاحت نے حال ہی میں وادی کیلاش کے تاریخی اہمیت کے حامل سیاحتی مقام بمبوریت میں کیمپنگ پاڈز قائم کیے ہیں، جن میں دوران سیاحت سیاح پرسکون ماحول میں قیام کر سکیں گے، یہ جنت نظیر سیاحتی مقام سیاحوں کے لیے اس سیزن یعنی جون کے مہینے میں کھول دیا جائے گا،سیاح ان خوبصورت کیمپنگ پاڈز میں قیام کر کے وادی کیلاش کے خوب صورت نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محکمہ سیاحت کے حکام نے بتایا کہ پاڈز 2 اور 4بیڈز پر مشتمل ہیں، دو بیڈز کے 3ہزار روپے اور چار بیڈز کے 5ہزار روپے رات کا کرایہ ہے، ان پاڈز میں قیام کیلئے سیاح ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اپنے لیے بکنگ کر سکتے ہیں،پاڈز کے ساتھ ایک کچن بھی ہے، سیاح اپنے ساتھ خود بھی کھانے پکانے کیلئے سامان لے جا سکتے ہیں اور اپنے لیے کھانا پکا سکتے ہیں اور اگر خود نہیں بنانا چاہتے تو وہاں پر باورچی بھی ہر وقت موجود رہتا ہے۔

محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کے ترجمان کے مطابق اب تک 10سیاحتی مقامات میں 260بیڈز پر مشتمل کیمپنگ پاڈز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 6مقامات ٹھنڈیانی، شاران، بیشیگرام، یخ تنگی، شیخ بدین اور گبین جبہ میں قائم پاڈز سیاحوں کیلئے پہلے سے کھول دیے گئے ہیں۔4نئے مقامات مہابن، شہیدے سر(بونیر)، الئی(بٹگرام)اور بمبوریت(کیلاش)میں قائم پاڈز میں سیاح جون سے انٹری کر سکیں گے۔

محکمہ سیاحت کے حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحتی مقامات کی سیر کیلئے ضرور جائیں لیکن صفائی کا خیال رکھیں تاکہ سیاحتی مقامات کا قدرتی حسن متاثر نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں