360

چترال جوڈیشل کمپلیکس سمیت محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا میں 81 بڑے منصوبے مکمل کر رہا ہے ۔سیکرٹری مواصلات

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)محکمہ مواصلات و تعمیرات رواں سال خیبر پختونخوا میں شاہراہوں، پلوں، ہسپتالوں، سکول و کالجز اور دوسری اہم سرکاری عمارات کے 81 بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ان پر اٹھنے والے اربوں روپے کے اخراجات کا شفاف اور مفید استعمال متعلقہ حکام کے اولین فرائض میں شامل ہے یہ بات سیکرٹری مواصلات و تعمیرات انجینئر محمد آصف خان نے مواصلات سیکرٹریٹ پشاور میں ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی انہوں نے انجینئرز اور کسنلٹنٹس کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کیلئے دن رات ایک کرکے کام کریں وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں واضح روڈ میپ دے رکھا ہے جس سے معمولی رو گردانی کی بھی گنجائش نہیں انجینئر محمد آصف خان نے صوبے بھر میں گندم گوداموں پر جدید کانٹوں کی تنصیب، سخاکوٹ ملاکنڈ میں چار ہزارٹن گندم کی ذخیرہ گاہ، چترال جوڈیشل کمپلیکس، کڈنی انسٹی ٹیوٹ حیات آباد اور دیگر تعلیمی و طبی اداروں کیلئے جدید عمارات کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں انہوں نے بروقت اہداف حاصل کرنے والے انجینئرز اور حکام کی کارکردگی کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومت سزا و جزا کی پالیسی پر سختی سے عمل کرے گی اور حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہر طرح کی حوصلہ افزائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ کی پشاور بار کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد
پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے پشاور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد دی ہے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے نومنتخب صدر امجد علی خان مروت اور انکے دیگر ساتھیوں کو بار کے سالانہ انتخابات میں شاندار کامیابی پر تہہ دل سے مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی، معاشرتی خرابیوں کے خاتمے اور اصلاح کیلئے حکومتی کوششوں میں بھی بھرپور کردار ادا کرینگے انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے کرپشن کے خاتمے اور عوام کو تمام بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کرنے کیلئے پوری تندہی سے کوشاں ہے اور وکلاء برادری اس مشن کی بطریق احسن تکمیل میں ہمارے ہاتھ مضبوط کرکے ایک بڑی قومی خدمت سرانجام دے سکتے ہیں انہوں نے ایسوسی ایشن کو وکلاء کے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں