416

ٹھیکہ دار برادری نے مولانا چترالی کو دوبارہ مل بیٹھ کر ایک دوسرے کا نقطہ نظر اور موقف جاننے اور کدورتیں دور کرنے کے لئے نشست کی دعوت دے دی

۔چترال (نمائندہ ) آل گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن چترال کے چیرمین مغل باز خان نے کہا ہے کہ انہوں نے چترال سے قومی اسمبلی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی پر کبھی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگایا اور انہیں ایک عالم دین اور علاقے کا منتخب نمائندہ کی حیثیت سے عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن پاک پی ڈبلیو ڈی میں چترال میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے حالیہ ٹینڈروں میں بے قاعدگیوں کے حوالے سے وہ ٹھیکہ دار برادری کا نقطہ نظر سننے کو تیار نہیں جس کے لئے انہیں مناظرے کی دعوت دی گئی تھی لیکن جن شرائط کے ساتھ انہوں نے قبول کیا ہے، وہ ناقابل عمل ہیں۔ پیر کے روز ایسوسی ایشن کے دوسرے رہنماؤں جاوید اختر، صدیق احمد ایوبی کے ساتھ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مناظرہ پولو گراونڈ میں ممکن نہیں جبکہ اپنا نقطہ نظر مولانا چترالی پر واضح کرنے اور ان کا نقطہ نگاہ سمجھنے کے لئے وہ ایک سازگار ماحول چاہتے ہیں جوکہ پولوگراونڈ میں جم غفیر کی موجودگی میں ممکن نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے بٹ خیلہ میں ایگزیکٹو انجینئر کے دفتر میں بے قاعدگی کا ارتکاب کرکے ایک مخصوص ٹھیکہ دار کو من مانے ریٹ پر ٹھیکہ الاٹ کرکے قومی خزانے کو زبردست نقصان پہنچایا گیا ہے جہاں ایک مخصوص ٹھیکہ دار کو نوازنے کے لئے مقابلے میں شامل دوسرے ٹھیکہ داروں کو بغیر کسی وجہ بتائے نااہل قرار دئیے گئے جبکہ اس سے قبل انہیں ٹینڈر فارم تک جاری نہیں ہوتے تھے۔ ٹھیکہ دار برادری نے مولانا چترالی کو دوبارہ مل بیٹھ کر ایک دوسرے کا نقطہ نظر اور موقف جاننے اور کدورتیں دور کرنے کے لئے نشست کی دعوت دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں