391

گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں لینڈ سلائڈنگ: گلیشیئر گِرنے کے بعد چار افراد لاپتہ، چراہ گاہیں اور درخت تباہ

گلگت کے نواحی علاقے نلتر بالا میں گلیشیئر ٹوٹنے اور لینڈ سلائڈنگ سے نالے کا پانی رک گیاجس کی وجہ سے مصنوعی جھیل بنی ہے۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ولی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت کے نواحی علاقے نلتر بالا میں میں گلیشیئر پھٹنے/لینڈ سلائڈنگ سے بننے والی جھیل کے پہلے بلاک سے پانی کا اخراج شروع ہوگیا ہے جبکہ دوسرے بلاک سے پانی کا اخراج رات کسی بھی وقت شروع ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ  4  افراد  جن میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں، اس گلیشیر کی ذد میں آ کر لاپتہ ہوگئے ہیں جن کازندہ بچنے کاامکان نہیں ہے ، ان کی تلاش کا کام ریسکیو 1122 کے ساتھ ملکر جاری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ نلتر بالا ایک خوبصورت پر فضاء مقام ہے اس لئے سیاحوں کی بڑی تعداد نلتر ست رنگی جھیل کے پاس پھنس گئی ہے جنکو وہاں سے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ڈی جی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی گلگت بلتستان نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بعض افراد اس واقعے کو لیکر عوام میں خوف وہراس پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مصنوعی جھیل سے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری طرف نلتر بالا سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ گلیشئر سرکنے کے اس عمل کے دوران مقامی لوگوں کی کئی جھونپڑیاں ملبے تلے دب گئی ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں مال مویشی لاپتہ ہیں۔محکمہ جنگلات  گلگت کے ایک ملازم شمشاد خان کا کہنا ہے کہ اس عمل کے دوران قیمتی جنگل تباہ ہوگیا ہے۔ دوسری جانب مقامی انتظامیہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نلتر برفانی تودہ سے بننے والی مصنوعی جھیل سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے لیئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں سوموار کے روز نلتر بالا میں برفانی تودہ (لانی) سے بننے والی مصنوعی جھیل سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے لیئے ضلعی انتظامیہ گلگت نے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے سلائیڈنگ کے فورا بعد ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی گلگت،محکمہ تعمیرات عامہ، این ایل سی اور ریسکیو 1122کی مشینری کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیاجس کی مدد سے اس وقت بحالی کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں مقامی رضاکاروں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر اس وقت موجود اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ واضح رہے کہ نلتر سلائیڈنگ کے بعد دو مختلف مقامات پر نالہ کا پانی بلاک ہونے کی وجہ سے مصنوعی جھیل بنی تھی جس میں سے ایک جھیل سے اب تک پانی کا اخراج شروع ہو چکا ہے جبکہ دوسری جھیل کے حوالے سے توقع یہ کی جا سکتی ہے کہ آج رات تک اس سے بھی پانی کا اخراج شروع ہو جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ گلگت نے نلتر بالا میں موجود مویشی خانوں میں موجود مویشیوں کو محفوظ مقامات پر شفٹ کرانے کیساتھ ساتھ نلتر بالا و پائین کی مقامی آبادیوں کو تمام ترحفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور نلتر میں موجود دونوں پاور ہاؤ سز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیئے ممکنہ حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جا چکے ہیں۔ ضلعی انتطامیہ نے سیاحوں کے سلائیڈنگ کے نیچے دب جانے کی خبر کی تردید کی ہے اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ایسی غیر مصدقہ اطلاع پر کان نا دھریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں