237

موسم بہار کا معروف فیسٹول جشن کاغلشٹ ماہ اپریل کے دوسرے ہفتے کاغلشٹ کے سرسبز و خوبصورت میدان میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منا یا جائے گا

چترال ( نمایندہ ڈیلی چترال) موسم بہار کا معروف فیسٹول جشن کاغلشٹ ماہ اپریل کے دوسرے ہفتے کاغلشٹ کے سرسبز و خوبصورت میدان میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منا یا جائے گا ۔ جس میں پہلی مرتبہ پولو کیلئے گلگت کی ٹیم کو فیسٹول میں شرکت کیلئے دعوت دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلاس چیرمین جشن کاغلشٹ کمیٹی مختار احمدسنگین کی زیر صدارت بونی میں ہوا ۔ جس میں کمیٹی کے وائس چیرمین قادر کونسلر،جنرل سیکرٹری مستنصر الدین ، پولو کنوینئر سلطان روم اور جمیل احمد ،فٹبال کنوئینئرمحمد پرویز، کرکٹ کے شجاع الدین اورسیدولی ،والی بال کیلئے محمد ولی شاہ ، رسہ کشی کیلئے شفیع احمد ، نشانہ بازی ظہیرالدین بابراور مقامی ہاکی کیلئے محی الدین کنوئنیر شامل تھے ۔ اجلاس میں ماہ اپریل 2016 کے دوسرے ہفتے موسمی حالات کو دیکھنے کے بعد یہ فیسٹول چار دنوں کیلئے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سلسلے میں چیرمین مختار سنگین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ اس فیسٹول میں پہلی مرتبہ گلگت پولو ٹیم کو دعوت دی گئی ہے ۔ اور گلگت ٹیم نے دعوت قبول کر لی ہے ۔ گو کہ یہاں ہر سال فیسٹول میں لوگ انتہائی جوش و جذبے سے شریک ہوتے ہیں تاہم اس سال گلگت پولو ٹیم کی شرکت سے فیسٹول کا شان دوبالا ہو گا ۔ اور شائقین فیسٹول میں مزید دلچسپی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا ۔ کہ شندور اور چترال شہر میں گلگت اور چترال کی پولو ٹیمیں کئی مرتبہ مدمقابل فری سٹائل پولو کے جوہر دیکھا چکے ہیں ۔ لیکن کاغلشٹ میں ان دونوں معروف ٹیمو ں کاپہلا دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پولو کے علاوہ فٹبال ،کرکٹ اور والی بال کیلئے کے پی کے لیول پر ٹیموں کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے ۔ جس میں ضلع سے باہر بڑی تعداد میں شائقین کھیل اور سیاحوں کی آمد متوقع ہے ۔ مختار سنگین نے کہا ۔ کہ اس فیسٹول میں گُھڑدوڑ، نشانہ بازی ، باز کے ذریعے شکار کرنے ،لوکل ہاکی ، رسہ کشی ، میراتھن کے مقابلے ہوں گے ۔ جبکہ پیراگلائڈنگ ، مشاعرہ اور میوزیکل شو بھی پیش کئے جائیں گے ۔ اانہوں نے جشن کیلئے مالی امداد کی فراہمی پر ایم اے چترال فوزیہ بی بی اور ایم پی اے سید سردار حسین کا شکریہ ادا کیا ۔ مختار سنگین نے کہا ۔ کہ فیسٹول کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو صحتمند تفریح مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ چترال میں سیاحت کو فروغ دینے کی کو شش ہے ۔ تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال سیاحت کیلئے انتہائی پُر امن اور محبت کرنے والے لوگوں کی جگہ ہے ۔ اور یہ اپنے قدیم کلچر اور منفرد تہذیب کی وجہ سے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس لئے ہماری کوشش ہے ۔ کہ ان انمول خزانوں سے استفادہ کیا جائے ۔ تاکہ علاقے میں غربت کا خاتمہ اور کلچر کا تحفظ کیا جا سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں