340

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومت گلگت بلتستان اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ(پی پی اے ایف) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو)پر دستخط

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومت گلگت بلتستان اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ(پی پی اے ایف) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو)پر دستخط ہوئے ہیں جس کی رو سے گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں غربت کے خاتمے اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے مختلف اقدامات کے حوالے سے اشتراک عمل کیا جائے گا۔گلگت۔بلتستان سیکرٹریٹ، اسلام آباد میں ہونے والی خصوصی تقریب کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری سید ابرار حسین اور سی ای او پی پی اے ایف قاضی عظمت عیسیٰ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی موجودگی میںمفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پی پی اے ایف کے گروپ ہیڈ برائے انسٹی ٹیوشنز اینڈ انٹگریشن، ارشاد خان عباسی، سینئر وزیر برائے پی اینڈ ڈی ڈی، فتح اللہ خان، وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری عثمان احمد اور پی پی اے ایف کے بزنس ڈویلپمنٹ لیڈ وقار عباس بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے  ایم او یو پر دستخطوں کو کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے لیے اہم پیشرفت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس اشتراک عمل کے نتیجے میں گلگت بلتستان، خصوصاً کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکے گا۔ سی ای او پی پی اے ایف قاضی عظمت عیسیٰ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی پی اے ایف ملک کے دور دراز علاقوں میں غربت کے خاتمے کے لیے سب کی شمولیت کے ساتھ کی جانے والی مربوط کاوشوں پر یقین رکھتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر خطے کے دورز دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں ہمارے کام کو مزید وسعت دینے کے علاوہ ان کے ثمرات میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ایم او یو کے تحت حکومت گلگت بلتستان اور پی پی اے ایف توانائی، تعلیم، سیاحت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک عمل کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں کو فروغ دیں گے۔ اس ضمن میں پی پی اے ایف اپنے مختلف شراکتی اداروں اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے حوالے سے تجربے سے فائڈہ اٹھانے میں حکومت گلگت بلتستان کو معاونت بہم پہنچائے گا جبکہ حکومت گلگت بلتستان  اشتراک عمل کے تحت شروع کیے جانے والے منصوبوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کے علاوہ متعلقہ حکومتی شعبوں کی طرف سے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران بھرپور تعاون کو یقینی بنائے گی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان اور سی ای او، پی پی اے ایف کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دورران سوہنی جواری سینٹر برائے پبلک پالیسی کے نام سے سماجی تحفظ کے ادارے کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس ضمن میں پی پی اے ایف تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور سینٹر کے کام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ پی پی  اے ایف حکومت گلگت۔ بلتستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے اور چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے درکار تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاونت دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں