224

بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے زرعی پیدوار کے حصول کے لئے کاشتکار ی کی روایتی اور دقیانوسی طریقے ترک کرکے جدت اپنا نا ہوگا/سبجیکٹ میٹر اسپیشلسٹ رفیق احمد

چترال ( نامہ نگار) شعبہ توسیع محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائرکٹر اور سبجیکٹ میٹر اسپیشلسٹ رفیق احمد نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے زرعی پیدوار کے حصول کے لئے کاشتکار ی کی روایتی اور دقیانوسی طریقے ترک کرکے جدت اپنا نا ہوگا تاکہ خود کفالت کی منزل تک پہنچ سکیں۔ کوہ یونین کونسل کے گاؤں برنس میں کسان فیلڈ ڈے میں مقامی کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ بہتر رہنمائی حاصل کرنے اور اپنی کاشت کاری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے محکمہ زراعت کے ساتھ رابطے میں رہیں جبکہ اسی مقصد کے لئے فارم سروسز سنٹر موجود ہیں جوکہ کسانوں اور محکمے کے درمیاں پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور محکمہ زراعت ہر قدم پر اس سے مشورہ لیتا ہے تاکہ اس میں کسانوں کی ضروریات، مسائل اور جذبات کی عکاسی ہوسکے۔ اس موقع پر ایگریکلچر افیسر شہزادایوب نے کسانوں کو مختلف فصلوں کی کاشت اور ان کی بیماریوں پر قابو پانے کے بارے میں تربیتی نشست کا اہتمام کیا اور کسانوں کو درپیش مختلف قسم کے مسائل کے حل بتادئیے۔ علاقے کے عمائیدیں رحمت الدین اور دوسروں نے محکمہ زراعت کے شعبہ توسیع کی اس کاوش کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس سرگرمی سے مقامی کسانوں نے بہت ہی مفید تکنیکی فائدہ حاصل کی ہے جوان کے لئے بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوں گے اور دوسری طرف ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ رابطہ قائم ہوگا۔ پروگرام کے احتتام پر شعبہ توسیع کی طرف سے معیاری بیج بھی تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں