331

مہنگائی میں مسلسل اضافے سے عوام کا جینا حرام ہوا ہے /صوبائی سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی سعدیہ دانش

اسلام آباد(پ-ر) ممبر گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ مہنگائی کا بھوت جلد تبدیلی سرکار اور تحریک انصاف کو کھاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا سمجھ نہیں آرہی کہ حکمران عوام سے کس بات کی دشمنی نبھا رہے ہیں ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا جھانسہ دے کر عوام کو بے روزگار اور بے گھر کر دیا گیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں پہلے سے برسرروزگار لوگوں کو بے روزگار کیا گیا لیکن تبدیلی سرکار سو پیاز کھا کر سو جوتے کھانے کی روش پر گامزن ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گندم مافیا اور شوگر مافیا کی طرح پیٹرولیم مافیا کا کے ساتھ بھی حکومت کے گہرے مراسم ہیں ملک میں پٹرولم مصنوعات اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کا مقابلہ جاری ہے گیس اور گھی سمیت اشیاء خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا مقابلہ چل رہا ہے۔ ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہیں جبکہ چند درباریوں کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکن بھی اس بدترین مہنگائی پر اپنی جماعت کی قیادت پر صلٰوتیں پڑھ رہے ہیں۔مہنگائی میں مسلسل اضافے سے عوام کا جینا حرام ہوا ہے مگر جو سیلکٹیڈ اور نااہل حکمران عوام پر مسلط کیے گیے ہیں وہ اپنی نالائقی اور نااہلی کا اعتراف کرنے کی بجائے عوام سے مزید قربانی کا تقاضہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے غلط اور بدترین معاشی پالیسیوں کے سبب پاکستانی روپیہ بنگلہ دیشی ٹکہ کے مقابلے میں بھی اپنی قدر گنوا چکا ہےانہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی میں اضافہ کا بدترین رجحان جاری ہے تو دوسری طرف بے روزگاری میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا۔ موجودہ حکومت کی غریب کش پالیسیوں کے سبب بے روزگاری کی شرح 20 فیصد کی سطح تک پہنچی ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ اگر اس حکومت کو مزید ایک سال چلنے دیا گیا تو پاکستان کی معیشیت افریقن ممالک سے بھی بدتر ہوجائے گی۔ اس لیے ایسی نااہل حکومت کافوری خاتمہ ہونا چاہیےکیونکہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کو ہی عوامی مسائل کا ادراک ہوتا ہے اور وہی انہیں ریلیف دے سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں