252

چترال شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے پاک آرمی کا تعمیر کردہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال ) جنرل افیسر کمانڈنگ میجر جنرل نادر خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردی قلع قمع کرکے امن قائم کردیا گیا اور اب لوگ خوف کے فضا سے باہر آگئے ہیں اور کاروبار زندگی پہلے کی طرح معمول پر آگئی ہے اور مستقبل کے حوالے سے اس علاقے کو محفوظ بنانے اور دہشت گردوں کو دوبارہ سرا ٹھانے سے باز رکھنے کے لئے سوات میں کنٹونمنٹ قائم کیا جارہا ہے ۔ بدھ کے روز ڈی۔ سی ہاؤس چترال میں مقامی عمائدین اور فوجی وسول افسران سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاک فوج کو دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے اور امن قائم کرنے کا جو ٹاسک دیاگیا تھا، اسے بطریق احسن پورا کردیا ہے او راس عمل میں مقامی لوگوں کا تعاون قابل ستائش رہا جس کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ فوج اور عوام دونوں کاآخری منزل ایک ہی ہے جوکہ محفوظ ، پرامن اور خوشحال پاکستا ن ہے جس کے لئے وہ ایک ہی پیج پر ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کے علاوہ علاقے میں ترقیاتی کاموں پر نظر رکھنے اور قدرتی آفات میں عوام کوفوری ریلیف پہنچانے کا فریضہ بھی انجام دیا۔ انہوں نے چترال کے عوام کی بہادری، ثابت قدمی اور خودداری کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ ایک گاؤں میں جب فوج کے جوان امدادی سامان لے کر پہنچ گئے تو گاؤں والوں نے یہ کہہ کروصول کرنے سے انکار کردیا کہ وہ ضرورت کے مطابق سامان وصول کرچکے ہیں اور یہ واقعہ اس دور میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔ انہوں نے ڈی۔ سی چترال اسامہ احمد وڑائچ کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سال کے بدتریں سیلاب اور زلزلے کے وقت انہوں نے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔ اس موقع پر ڈی۔سی چترال اسامہ احمد وڑائچ کے علاوہ ممبر صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ ، ممبران ضلع کونسل مولانا جمشید احمد، رحمت غازی خان اور سابق ایم پی اے سعید احمد خان نے میجر جنرل نادر خان کی چترال کے حوالے سے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ چھ مہینوں کے مختصر مدت میں سات دفعہ چترال کا دورہ کرنا ان کی فرض شناسی اور اہالیان چترال سے محبت کا مظہر ہے۔ چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس سے قبل انہوں نے ایس آر ایس پی کی مالی معاونت سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ز ہسپتال کے ہاسٹل کے عمارت کی بحالی کے کام اور فرنٹئر کور پبلک سکول کو دریا بردگی سے بچانے کے لئے حفاظتی بند کی افتتاحی تختیوں کی نقاب کشائی کی جوکہ چند سال پہلے آتشزدگی سے متاثرہوا تھا۔ جی او سی نے بدھ کے روز چترال شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے پاک آرمی کا تعمیر کردہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا اور چترال سکاوٹس کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں