292

پارٹی کے زیر اہتمام پہلے صوبائی اور اب وفاقی حکومت نے اپر چترال میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع کئے ہوئے ہیں /پی ٹی آئی رہنماوں کاپریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ) پی ٹی آئی اپر چترال کے جنرل سیکرٹری آفتاب ایم طاہر، سینئر نائب صدرمیر جمشیدالدین، نائب صدر احسان الحق، صدر مستوج تحصیل بابر علی، موڑکھو تورکھو منہاج الدین، صدر آئی ایس ایف سردار ایوبی، انصاف ویلفیر ونگ جمیل اللہ شیرازی، سفینہ بی بی ویمن ونگ، انفارمیشن سیکرٹری سید مختار علی شاہ ایڈوکیٹ اور دیگر رہنما کشافت یونس، صادق الرحمن اور دوسروں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود سے گزارش کی ہے کہ ان کے معاون خصوصی وزیر زادہ کی طرف سے اپر چترال کا 14روزہ دورے کے دوران کئے گئے چھوٹے اور درمیانی درجے کے کروڑوں روپے مالیت کے منصوبہ جا ت کے اعلانات پر جلد ہی عملی کام کا آعاز کیا جائے تاکہ ان منصوبہ جات کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے سیاسی مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے۔ جمعہ کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر زادہ کو پوری چترال کی خدمت کرنے کے پیش نظر ان کے ہاتھوں کو مضبوط کئے جائیں تاکہ چترال میں پارٹی کی قوت اور مقبولیت میں مزید اضافہ ہواور آنے والے بلدیاتی انتخابات اور 2023ء کے عام انتخابات میں چترال میں پارٹی کی کامیابی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ عام انتخابات میں مذہب کا کارڈ استعمال کرکے لوگوں کے مذہبی جذبات سے کھیل کر ایم ایم اے نے انتخابی کامیابی تو حاصل کرلی لیکن چترالی عوام کی خدمت میں بری طرح ناکام رہے جبکہ وزیر زادہ اقلیتی نشست پر ایم پی اے ہونے کے باوجود چترال کی بلا تفریق خدمت کررہے ہیں جس پر انہیں صوبائی کابینہ میں بھی جگہ دی گئی اور وہ گزشتہ چودہ دن تک اپر چترال کا دن رات دورہ کرتا رہا جس سے پارٹی کو زبردست تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر زادہ کے دورے کے دوران دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنوں نے مختلف دیہات میں اس پارٹی میں شمولیت اعلان کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہاکہ اس پارٹی کے زیر اہتمام پہلے صوبائی اور اب وفاقی حکومت نے اپر چترال میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع کئے ہوئے ہیں جن میں اویر، کوشٹ، موژگول اور ریشن میں آرسی سی پل، بونی ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور چترال کو اپر اور لویر اضلاع میں تقسیم شامل ہیں۔ اس حکومت کے مزید خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے 20ارب روپے لاگت کے شندور روڈ، ریسکیو 1122کے لئے 35کروڑ روپے کو اپر چترال کے عوام کے لئے تخفہ قرار دیا۔ آفتاب ایم طاہر نے ہر یوسی اور ویلج کونسل لیول پر دو کروڑ روپے ترقیاتی کاموں کے اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے ان کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا۔سینئر لیڈر میرجمشید الدین نے تورکھو روڈ میں پراگریس کے سلسلے میں وزیرزادہ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کے اپر چترال کے تفصیلی دورے سے پارٹی کو زبردست فائدہ پہنچ گیا ہے جہاں کئی غیر فعال اور ناراض کارکن بھی دوبارہ فعال ہوگئے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد پارٹی جوائن کرلئے ہیں۔ مختار علی شاہ نے وزیر زادہ کا ڈور ٹو ڈور دورہ کرکے پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوشش کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے اس امید کا اظہار کیاکہ وہ اعلان کردہ انفراسٹرکچر ز کیلئے ضروری فنڈز مہیا کریں گے۔ احسان الحق نے کہاکہ وزیر زادہ وزیر اعظم عمران خان کا سچا سپاہی ہونے کی وجہ سے عوام سے اپنی روابط بڑہانے کیلئے اپر چترال کا تفصیلی اور تاریخی دورہ کیا اور ثابت کیا کہ گراس روٹ لیول پر پی ٹی آئی ہی عوام کا نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پر زور دیا کہ وہ ان کے اعلانات کو عملی جامہ پہنائیں۔ ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی کے قائدیں نے کہاکہ اپر چترال کے اویر اور کوشٹ یونین کونسلوں کا دورہ وزیر زادہ عنقریب کرنے کے لئے دوبارہ شیڈول بنارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں