402

عشق مصطفی ﷺ دنیا اور آخرت کی کامیابی کی کنجی ہے۔ پرنسپل محمد عالم

گلگت (خصوصی رپورٹ:امیرجان حقانی) ہمارا اٹھنا بیٹھا اور چلنا پھرنا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و سنت کے مطابق ہونا چاہیے.ربیع الاول میں آپ ﷺ کے طور طریقوں کا ذکر کرنا دراصل تذکرہ حبیب ﷺ ہے۔سیرت رسول کا تذکرہ اقوام دیگر کی طرح اک دن منا کربھول جانے کا نام نہیں۔بلکہ ہمہ وقت تذکرہ اور عمل کرنے کا نام ہی سیرت رسول ہے۔ان خیالات کا اظہارگورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مناور گلگت کے پرنسپل پروفیسر محمد عالم نے سیرت رسول پر منعقدہ پروگرام میں طلبہ اور اکیڈمک اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نیا تعلیمی سیشن جوائن والے طلبہ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا جس قوم کا آغاز اقرا سے ہوا تھا اس قوم کا تعلیمی زوال افسوسناک ہے۔آپ ﷺکا پورا سوہ ہی تعلیم کے حصول کی ترغیب پر مبنی ہے اور جہالت سے بیزاری پر۔دنیوی اوراُخری زندگی کے تمام طور طریقے سیکھنا مسلمانوں پر فرض ہے۔علم کی وسعتیں اسلام کے حوالے سے بہت وسیع ہیں۔پروفیسر محمد عالم نے مزید کہا کہ ہمارے نبی اکرم کے ہاتھ میں قلم اور کاغذ نہیں تھے پھر بھی اقرا سے پڑھنے کا حکم دیا گیا اور آپ ﷺ کے الفاظ ”میں پڑھا ہوا نہیں ہوں” میں حصول علم کی تڑپ موجود ہے۔اور آپ ﷺ نے پوری زندگی یہی تڑپ کا درس دیا ہے۔اور مسلمانوں میں یہی تڑپ کا ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے۔تعلیم وتعلم کے حوالے سے غار حرا اور صفہ کے چبوترے کے طالب علم و استاد کا کردار سب کے لیے عملی نمونہ ہے۔سیرت نبی اکرم کے حوالے سے کالج میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد رفیع نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تمام تر مصروفیات کو چھوڑ کر اپنی پوری توجہ تعلیم پر فوکس کریں۔کل آپ طلبہ نے اس ملک و ملت کی آبیاری کرنی ہے لہذا اپنے آپ کو تیار کریں۔لیکچرار محمد عارف نے کہا اقبال نے طلبہ کو مخاطب کیا ہے اور آپ طلبہ نے اقبال کا شاہین بن کر ملک و ملت کی خدمت کرنی ہے۔ تقریب میں کالج کے طلبہ نے تلاوت، حمد اور نعت پیش کیا اور طالب علم رحیم اللہ نے آپ بحیثیت داعی اعظم کے عنوان پر تقریر کی۔پوسٹ گریجویٹ کالج مناور کے کئی طلبہ نے حکومت گلگت بلتستان کی طرف سے انعقاد کردہ عشرہ رحمت میں نعت اور تقاریر میں حصہ لیا۔کالج کی طرف سے پروفیسر احمد سلیم سلیمی اور عارف اللہ نے فوکل پرسن کے فرائض انجام دیے ۔ایجوکیشن ڈائریکٹریٹ کالجز نے تمام کالجز سے کوارڈینشن کرکے عشرہ رحمت میں کالجز کے طلبہ و طالبات کی بہترین شراکت کو یقینی بنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں