253

گولین گول ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کے ٹرانسمیشن لائن کو بروز گاؤں کے بجائے غیر آباد علاقے سے گذارا جائے۔عمائدین بروز کا پریس کانفرنس

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) ویلج کونسل بروز کے مغززیں نصرت آزاد، حاجی اکبر، دواؤد الملک ، امیر شریف خان، بزرگ ولی، حسین اللہ ، شاہر اللہ اور دوسروں نے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر بجلی وپانی او ر وفاقی سیکرٹری واٹر اینڈ پاؤر سے اپیل کی ہے کہ گولین گول ہائیڈروپاؤر پراجیکٹ کو نیشنل گرڈ سے ملانے والی ٹرانسمیشن لائن کو بروز گاؤں سے گزارنے کی بجائے بنجر اور غیر آباد علاقے سے گزار کر بروز گاؤں کے سینکڑوں خاندانوں کو بے گھر ہونے سے بچایا جائے ۔ بدھ کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ این ٹی ڈی سی نے گولین گول بجلی گھر کو نیشنل گرڈ سے ملانے کے لئے ٹرانسمیشن لائن کو بروز گاؤں سے گزار نے کے لئے سروے کی ہے جس سے بروز کے زرعی زمینات اور سینکڑوں گھرانے متاثر ہوں گے جبکہ اس کا متبادل راستہ دریا چترال کے پار موجود ہے جوکہ بنجر اور غیر آباد ہے اور انسانی آبادی کو اس سے کوئی تکلیف نہیں پہنچتی جوکہ آگے 39کلومیٹر دور میرکھنی کے مقام تک بنجر جگہوں سے ہی گزرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بروز ایک گنجان آباد علاقہ ہے اور لوگوں کے پاس زرعی زمینات انتہائی قلیل مقدار میں موجود ہیں جن سے اگر ہائی ٹینشن برقی ٹرانسمیشن لائن گزارے جائیں تو وہ بہت ہی متاثرہوں گے ۔ انہوں نے اس بات پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ این ٹی ڈی سی کی سروے ٹیم نے متبادل راستہ کی بلامعاوضہ دستیابی کے باوجود انسانی آبادی سے گزار نے کے لئے سروے کرکے پہلے سے غریب اور مفلوک الحال لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننے اور ان کو بے گھر کرنے کا سامان کردیا ہے جس کا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوٹس لیا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں