344

چترال کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ارباب زرک مئیر بننے کے بعد آمین کالونی کے سارے مسائل ان سے مل کے ہم حل کریں گے ۔ سلیم خان

پشاور () پشاور سٹی مئیر کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ارباب زرک نے آمین کالونی پشاور میں کارنر میٹنگ سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ 19 دسمبر کو آپ سب کی بھر پور تعاون سے ہم کامیاب ہونگے اور پشاور سٹی کے مئیر منتخب ہونے کے بعد پشاور کو ایک آئیڈیل شہر بنائیں گے ، میرے خاندان نے ہر دور میں پشاور اور یہاں کے غیور عوام کی خدمت کرتے آئے ہیں ہماری فیملی نے پشاور کے عوام کو روزگار کے مواقع دئیے جبکہ موجودہ حکومت لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے۔ ارباب زرک نے کہا کہ لوگ اقتدار دولت یا شہر ت کے لئے حاصل کرتے ہیں لیکن ہمیں خدا نے بہت کچھ دیا ہے اور ہم اقتدار عوام کی خدمت کے لئے حاصل کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مئیر بننے کے بعد آمین کالونی کے سارے مسائل حل کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری پی پی پی خیبر پختونخوا سلیم خان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے ، جب ہم 2008 میں برسر اقتدار آئے تو لواری ٹنل مشرف نے ریل ٹنل کے نقشے پر بنا رہے تھے ہم اقتدار میں آکر اس نقشے کو چینج کرنے کے لئے کوشش کی اس وقت کے وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر کو ہم لے کر چترال لے کے گئے جہاں لواری ریل ٹنل کی ناکامی سے متعلق ان کو بریفنگ دی گئی اس کے بعد ارباب عالمگیر کے حکم پر لواری ریل ٹنل سے ہائی وے ٹنل میں تبدیل ہوا یہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بہت بڑا کارنامہ تھا ۔ اگر ریل ٹنل بنتا تو چترالیوں کی مشکلات کبھی بھی ختم نہ ہوتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ارباب جہانگیر صوبے کے وزیر اعلیٰ تھے جو اپنے دورہ چترال کے موقع پر وہ بائی روڈ بونی بھی گئے اور اس وقت چترال سے بونی انہوں نے پانچ گھنٹے میں پہنچنے کے بعد لوگوں کی مشکلات کا ادراک کیا اور سی اے ڈی پی کے ذریعے چترال بونی روڈ کی تعمیر کروائی ۔ سلیم خان نے یہ بھی کہا کہ جب 2008 کے الیکشن جیتنے کے بعد ہم آمین کالونی آئے تو یہاں بے انتہا مشکلات تھی سیوریج کا نظام درہم برہم تھا جبکہ بجلی کی وولٹیج بھی کم تھی ہم نے اس وقت وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر سے درخواست کرکے یہاں بجلی کا نظام درست کیا اور پی پی پی کے دیگر ممبران صوبائی اسمبلی کے تعاون سے یہاں سوئریج کا نظام بحال کیا ۔تبدیلی کے نام پر آئی ہوئی حکومت نے پشاور شہر کو تباہ کرکے رکھ دیا آمین کالونی سے بڑی مقدار میں ووٹ لینے کے بعد ایک روپے کا بھی کام نہیں کیا۔ اب اگر آمین کالونی کے عوام نے اگلے بلدیاتی انتخابات میں ارباب زرک کو ووٹ دیا تو ہم ان کے ذریعے آمین کالونی کے سارے مسائل حل کریں گے ۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے ارباب زرک کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں