341

“کرپشن ایک لعنت ہے، بین الاقوامی انڈکس میں کرپشن کے حوالے سے پاکستان کے اعشاریئے مایوس کن ہیں

“کرپشن ایک لعنت ہے، بین الاقوامی انڈکس میں کرپشن کے حوالے سے پاکستان کے اعشاریئے مایوس کن ہیں۔ کرپشن صرف مالی بدعنوانی کا نام نہیں بلکہ رشوت ستانی، ملاوٹ، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، ، اخلاقی تنزلی، معاشرتی ذمہ داریوں سے پہلو تہی، اقرباپروری، سودی لین دین، دھوکہ دہی، فرائض میں کوتاہی، وقت کی پابندی میں غفلت، انصاف میں تاخیر، خدمات فراہمی میں تعطل/تاخیر، اختیارات کا ناجائز استعمال، فراڈ، بھتہ خوری، کمیشن، کاروبار میں ڈنڈا ماری، ناپ تول میں کمی بیشی وغیرہ وغیرہ کرپشن کی مختلف شکلیں ہیں جنکا پاکستانی معاشرے کو سامنا ہے۔ اور ہم سب کو دوسروں کو کرپشن کا ذمہ دار ٹہرانے کی بجائے اس لعنت کو کم یا ختم کرنے کے لئے سب سے پہلے اپنی کرپشن کو ختم کرنا ہوگا-”
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرچترال حفیظ اللہ نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ انتظامیہ چترال کی سربراہی میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ٹی ایم اے اور لوکل گورنمنٹ لوئر چترال کی جانب سے منعقدہ مشترکہ آگاہی واک کے انعقاد کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ آگاہی واک میں ضلعی انتظامیہ اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے آفسران، دیگر ملازمین، سکول کے بچوں اور تجار یونین کےنمائندوں نے شرکت کی۔واک تحصیل کمپلیکس سے شروع ہوکر اتالیق پل، بائی پاس روڈ اور پی آئی اے چوک سے ہوتا ہوا سینیٹینیل ماڈل ہائی سکول پر اختتام پذیر ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں