344

خیبر پختونخوا پولیس میں 42سال تک خدمات انجام دینے کے بعد ڈی ایس پی محمد یعقوب خان اتوار کے روز سروس سے ریٹائرہوگئے

چترال (نمائندہ )خیبر پختونخوا پولیس میں 42سال تک خدمات انجام دینے کے بعد ڈی ایس پی محمد یعقوب خان اتوار کے روز سروس سے ریٹائرہوگئے۔ اس موقع پر پولیس لائنز میں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد مہمان خصوصی تھے جبکہ معززین شہر کے علاوہ پولیس کے ریٹائر افسران بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں محمد یعقوب خان نے پولیس افسران اورجوانوں پر زور دیاکہ وہ مظلوم کو کبھی بھی اپنے دفتر سے مایوس ہوکر جانے کی نوبت نہ آنے دیں کیونکہ آپ ہی ان ظلم رسید ہ افراد کے لئے امید کی کرن ہیں اور اس لحاظ سے اللہ نے ایک اہم ذمہ داری آپ کو حوالے کیا ہے اور اس بارے میں بازپرس بھی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ستمبر 1980ء میں بطور کنسٹیبل بھرتی ہونے کے بعد انہوں نے پولیس فورس میں مختلف ذمہ داریاں مختلف اضلاع میں نبھاتے ہوئے یہ محسوس کیا کہ اس ملازمت کو درست طریقے سے انجام دینا بھی ایک عبادت ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال سونیہ شمروز خان اور ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد کی طرف سے جونئیر افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہاکہ ایسے افسران ہی پولیس فورس کی مورال کو بلند کرتے ہیں۔ ایس پی محمد خالد نے ڈی ایس پی محمد یعقوب خان کی ایمانداری اور فرض شناسی کو دوسرے افسران اور جوانوں کے لئے قابل تقلیدقرار دیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اقبال کریم، ایس ڈی پی اوز ایون حسن اللہ خان، لوٹ کوہ محمد شفیع شفا اور دروش اجمل خان نے شرکت کی جبکہ سول سوسائٹی سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ، چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین، سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر نورالاسلام، ریٹائرڈ ایس پی میر کلان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما صفت زرین، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ایاز زرین نے شرکت کی۔ یا د رہے کہ محمد یعقوب خان کا تعلق اپر چترال کے موڑکھو میں سہت سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں