276

چترال کے معروف سیاسی شخصیت شہزادہ خالد پرویز نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیا۔

اسلام آباد(چ،پ)چترال کے معروف سیاسی شخصیت شہزادہ خالد پرویز نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور ملک کے نامور شخصیت شہزادہ محی الدین کےچھوٹے فرزند اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق ضلعی صدر شہزادہ خالد پرویز نے پیر کے روز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان کے ہمراہ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لیا۔ اس موقع پیپلز پارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہزادہ خالد پرویز کو پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کیا کہ شہزادہ خالد پرویز کی شمولیت سے پیپلز پارٹی چترال میں مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے شہزادہ خالد پرویز اور انکے خاندان کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے چترال کے عوام کی خدمت کے سلسلے کو آگے بڑھایاجائے گا۔ شہزادہ خالد پرویز نے اس موقع پر پارٹی چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے شیدائی ہیں اور اسوقت ملکی سطح پر آپ کا بیانیہ قوم کی آواز بن چکی ہے، صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔
شہزادہ خالد پرویز کے بڑے بھائی اور سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین بدستور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ہیں۔ یاد رہے کہ شہزادہ خالد پرویز آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر کی حیثیت سے پارٹی ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا تھا اور اس سے قبل اپنے آبائی حلقے دروش سے  ڈسٹرکٹ کونسل چترال کے ممبر بھی رہے ہیں۔
گذشتہ کئی عرصے سے شہزادہ خالد پرویز کی پی پی پی میں شمولیت کے بارے میں خبریں گردش میں تھیں اور اس پر ملا جلا رد عمل بھی سامنے آرہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں