504

جمعیت علماء اسلام ضلع چترال کے امیر قاری عبدالرحمٰن قریشی کی طرف سے جمعیۃ سے وابسطہ تمام کارکنان کے نام کھلا خط

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

جمعیت علماء اسلام ضلع چترال سے وابسطہ معزز علماء کرام ،تمام خوش نصیب کارکنان اور غلبہ اسلام کی تحریک سے وابسطہ تمام فکر مند مسلمانان چترال
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
یہ بات آپ سب کے علم میں ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں یعنی ضلعی حکومت سازی کے مرحلے میں جمعیۃ سے وابسطہ بعض ساتھیوں نے ضلعی جماعت کے پالیسیوں سے اختلاف کیا اور انہوں نے اپنے موقف سے صوبائی اورمرکزی جماعت کو آگاہ کیا۔ ان ساتھیو ں کے اصرار پر صوبائی قیادت نے اصل حقائق تک پہنچنے کے لئے ایک کمیشن تشکیل دیا ،اس کمیشن نے چترال آکر فریقین سے بیان حلفی لینے کے بعد فریقین کا موقف سنا اور بیانات باقاعدہ طور پر قلمبند کئے ،اپریل 2016 ؁ء کے پہلے ہفتے میں صوبائی مجلس عمومی کے اجلاس میں فریق اول مولانا عبد الرحمٰن اورفریق دوم مولانا عبد الشکور ضلعی جنرل سکریٹری سے علی الاعلان کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے پر اقرار لیا ۔
اس کے چند دن بعد صوبائی قیادت نے بذریعہ پریس اور بذریعہ خط ضلعی جماعت کے پالیسیوں کی توثیق کرتے ہوئے ان کو تحفظ فراہم کیا اور ضلعی مجلس عاملہ کو بحال کیا۔
اب میں بحیثیت امیر جمعیت علماء اسلام ضلع چترال ،ضلع بھر کے جمعیۃ سے وابسطہ کارکنان جمعیۃ کو دعوت فکر دیتا ہوں کہ تمام کارکن صوبائی قیادت کے فیصلے کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہوئے ضلعی جماعت سے مکمل تعاون کریں اور جمعیت علماء اسلام کو چترال میں مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
عوام نے بلدیاتی الیکشن میں علماء اور دینی قوتوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس اعتماد کو بحال رکھتے ہوئے چترالی عوام کی بھرپور خدمت کریں ،اپنی تمام توانائیاں دین کی سربلندی اور چترال کی تعمیر وترقی میں صرف کریں ۔
اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو ۔ اٰمین

قاری عبدالرحمٰن قریشی
امیر جمعیت علماء اسلام ضلع چترال

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں