581

سو ل سوسائٹی کے نمائندوں کاگولین گول میں ایس آر ایس پی کے دو میگاواٹ زیر تعمیر بجلی گھرکا دورہ،کام کی معیار پر اطمینان کا اظہار

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال ٹاؤن اور مضافات سے تعلق رکھنے والے سو ل سوسائٹی کے نمائندوں نے بدھ کے روز گولین گول کے مقام پر سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے یورپین فنڈ ڈ پراجیکٹ(PEACE)کے تحت چترال شہر کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے 2میگاواٹ زیر تعمیر پن بجلی گھرکا دورہ کیااور کام کی رفتار اورمعیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چترال میں کسی غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے یہ سب سے بڑا ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بجلی کی شدید بحران سے نمٹنے کاکم سے کم وقت میں واحد صورت یہی ہے ۔ ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر طارق احمدنے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یہ اہم ترین نوعیت کی پاؤر پراجیکٹ اگلے چند مہینوں کے دوران پایہ تکمیل کو پہنچے گا جبکہ SRSP2گزشتہ سال کی غیر معمولی آفات سیلاب اور زلزلے کی وجہ سے اس کی تکمیل میں کسی قدر تاخیر ضرورہوئی ہے لیکن پھر بھی یہ اپنی مقررہ وقت کے اندر اندر اہالیان چترال ٹاؤن کو بجلی کی فراہمی شروع کریگی۔ انہوں نے کہاکہ اس پراجیکٹ کے علاوہ ایس آر ایس پی کو بونی (500 کلوواٹ،اور ایون اور مستوج میں 700کلوواٹ کے ایک ایک ہائیڈروپراجیکٹ کرنے کا اعزاز حاصل ہے جوکہ اس ادارے کے چیف ایگزیکٹیو افیسر شہزادہ مسعود الملک کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہی ممکن ہوئی ہے۔ اس موقع پر سو ل سوسائٹی کے نمائندے مولانا شیر عزیز، حبیب حسین مغل، شریف حسین، مولانا عبدالسمیع، مولانا رحمت اللہ اخونزادہ، عبدالمجید، رحمت ولی شاہ، عبادالرحمن، پروفیسرسید شمس النظرفاطمی، شبیر حسین،جندولہ خان، عبدالمجید قریشی، قاضی محمد نسیم ، نوید احمد بیگ اور دوسروں نے کہاکہ کام کی بہت ذیادہ حجم اور اب تک برقرار رکھے گئے معیار، گزشتہ سال کی موسمی حالات، اس سال کی ابتدائی مہینوں میں مسلسل بارش کی بنا پر اس پراجیکٹ کو تاخیر کا شکار ہرگز نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہاچترال شہر میں بجلی کی ناقص ترین صورت حال کے پیش نظر بجلی کے صارفین اس بجلی کی تکمیل کا بے تابی سے منتظر ہیں لیکن اسے مطلوبہ معیار کے عیں مطابق ہی مکمل کیا جائے تاکہ یہ دیرپا ثابت ہو اور آئے روز کی بریک ڈاؤن کو لوگ بھول جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس بات کے پیش نظر پراجیکٹ کو جلدبازی کا شکار کرنے کی بجائے اس کی معیار کو برقرار رکھنے پر ہی زور دیا جائے۔ اس موقع پر ایس آر ایس پی کے ایڈمن افیسر نبی خان، سوشل آرگنائزر ز امدا داللہ خان اور اصحاب احمد، ایم اینڈ ای سیکشن کے فیصل ،عابدعلی خان اور سائٹ انجینئر اسد الرحمن بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں