388

پولیو کے خاتمے کے لئے ضلعی کمیٹی (ڈپیک) لویر چترال کا اجلاس ڈپٹی کمشنر لویر چترال انور الحق کے زیر صدارت منعقد

چترال (نمائندہ ) پولیو کے خاتمے کے لئے ضلعی کمیٹی (ڈپیک) لویر چترال کا اجلاس ڈپٹی کمشنر لویر چترال انور الحق کے زیر صدارت منعقدہوا جس میں 3مئی سے شروع ہونے والی پولیو کے خلاف قومی مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈی سی (جنرل) محمد حیات شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر فیاض رومی، کوارڈینیٹر ا ی پی آئی ڈاکٹرفرمان نظار، کوارڈینیٹر فیملی ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر سلیم سیف اللہ، ڈی ایس پی اقبال کریم، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا فضل مولیٰ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش اور محکمہ صحت کے عملہ اور مختلف محکمہ جات کے نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی سی انوار الحق نے کہاکہ بنوں میں پولیو کیس سامنے آنے کے بعد ہمیں بھی الرٹ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اس موذی مرض کا وطن عزیز سے خاتمے کا خواب پورا ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ مشترکہ بارڈر ہونے، افغان مہاجرین کی موجودگی اور ڈاؤن ڈسٹرکٹ میں سردی کے موسم میں کام کرنے والے چترالی خاندانوں کی واپسی کی وجہ سے یہاں خطرات پہلے سے بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیو مہم میں کسی بھی قسم کی تساہل اور غفلت بالکل ناقابل برداشت ہے اور اس مہم میں ہر ایک کو اپنی ذمہ داری انتہائی جوش وجذبے سے پورا کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں مہم سے پہلے کی سرگرمیاں جتنی ذیادہ تندہی اور محنت انجام دئیے جائیں گے، اتنا ہی نتیجہ بہتر آئے گا۔ اجلاس میں ارندو اور دمیڑ کے علاقوں میں مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس دفعہ بھی کسی سرکاری محکمے کا ضلعی سربراہ موجود نہ تھا جس پر ایڈیشنل ڈی سی محمد حیات شاہ نے ان کو ناپسندیدگی کا خط بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ پولیو ایک نیشنل ایمرجنسی ہے ا ورہمیں اسے میدان جنگ سمجھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ دوسرے اقوام کی طرح ہم بھی پولیو فری اسٹیٹس اپنے ملک کے لئے حاصل کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں