248

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے چترال کے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے ملاقات

پشاور/وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے  چترال کے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد نے ملاقات کی اورچترال میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اُمور پرتبادلہ خیال کیا۔ وفد کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے اقلیتی اُمور وزیر زادہ کر رہے تھے۔ وفد کے اراکین میں تحصیل ناظم چترال ٹاﺅن شہزادہ،آمان الرحمن، تحصیل ناظم مستوج سردار حاکم، تحصیل ناظم تور کہو موڑ کہو میئرجمشید الدین  اور چیئرمین ویلج کونسل شیاقوٹیک،  فخراعظم کے علاوہ پی ٹی آئی چترال کے سینئر رہنما عبد الطیف اوراسرار صبور بھی شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے اپنے منشور کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرکے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا ایک اور وعدہ پورا کیا۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا کا بلدیاتی نظام ایک بااختیار اور مضبوط نظام ہے جو عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے اورلوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں انتہائی مدد گار ثابت ہوگا اور درپیش مسائل اُن کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے مسائل کے فوری حل اور اُنہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں خلوص نیت اور لگن کے ساتھ کام کرکے عوامی نمائندگی کا حق ادا کریں اور علاقے کے عوام نے اُن پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اُس پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کریں۔ اُنہوںنے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے

منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں صوبے کے عوام نے جس طرح پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے وہ پی ٹی آئی کی حکومت کی پالیسیوں اورعوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پرعوام کے بھر پور اعتماد کا مظہرہے۔ اس موقع پر اسلام آباد آزادی مارچ کی تیاریوں سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور وفد نے یقین دلایا کہ جب عمران خان آزادی مارچ کی کال دیں گے تو چترال سے عوام اور کارکنان کی ایک کثیر تعداد اسلام آباد پہنچے گی ۔ دریں اثناءحلقہ پی کے 49 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی طفیل انجم کی قیادت میں کاٹلنگ مردان کے ایک وفد نے بھی وزیراعلی سے ملاقات کی اور علاقے میں عوامی فلاح وبہبود سے متعلق مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پرکاٹلنگ کی سیاسی و سماجی شخصیت لائق نواز خان اور تاج ولی خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کرکے صوبائی حکومت کی پالیسیوں اور وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں